مغربی بنگال: 20 سالہ ثناء اللہ موب لنچنگ کا شکار، علاج کے دوران موت، 2 گرفتار
زخمی ثناء اللہ شیخ کو پہلے بیدرآباد پرائمری ہیلتھ سنٹر میں داخل کرایا گیا تھا،مگر حالت خراب ہونے کے بعد مالدہ میڈیکل کالج و اسپتال اور پھر کے ایس ایس کے ایم اسپتال منتقل کیا گیا، لیکن وہ بچ نہیں سکا۔
مغربی بنگال کے مالدہ ضلع میں موٹر سائیکل چوری کے الزام میں موب لنچنگ کے شکار 20سالہ ثناء اللہ شیخ کی موت کے بعدمالدہ کے بعض علاقوں میں فرقہ وارانہ کشیدگی کاماحول ہے۔پولس انتظامیہ نے نگرانی سخت کردی ہے۔ پولس نے اس معاملے میں دو افراد کو گرفتار کیا ہے۔مالدہ ضلع کے پولس سپرنٹنڈنٹ آلوک راجوریا نے بتایا کہ بدھ کو مالدہ ضلع کے ’بیشنب نگر بازار‘ میں ثنا ء اللہ شیخ کو مقامی لوگوں نے مار مار کر شدید زخمی کردیا تھا۔علاج کیلئے کلکتہ بھیجے جانے کے باوجود وہ نہیں بچ پایا اوراتوار کو اس کی موت ہوگئی۔ ہجومی تشدد کی وائرل ویڈیو کی بنیاد پر پولس نے دوافراد کو گرفتار کیا ہے۔
شیخ کو پہلے بیدرآباد پرائمری ہیلتھ سنٹر میں داخل کرایا گیا تھا، مگر حالت خراب ہونے کے بعد مالدہ میڈیکل کالج و اسپتال منتقل کیا مگر وہیں طبیعت نہیں سدھری اور حالت نازک ہوگئی تو کلکتہ کے ایس ایس کے ایم اسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ بچ نہیں سکا اورکل موت ہوگئی۔
مالدہ کے سینئر ضلع پریشد چندنا سرکار نے کہا کہ اس واقعے کو فرقہ وارانہ رنگ نہیں دیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ یہ پورا واقعہ افسوس نا ک ہے۔مگر شیخ کا ماضی بہتر نہیں تھا اور وہ پہلے بھی چوری کے الزام میں گرفتار ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کی اہلیہ نے مجھ سے ملاقات کی ہے اور ہم انسانی بنیاد پر ان کی مدد کررہے ہیں۔ان کی ماں کی تحریری شکایت پر پولس نے اس پورے معاملے کی جانچ شروع کردی ہے۔
کل اتوار کو مقامی لوگوں نے نیشنل ہائی وے 34اور بیشنب نگر پولس اسٹیشن کاگھیراؤ کیا۔پولس نے کانگریس کے مقامی ممبر اسمبلی شجاع خان چودھری اور دیگر کانگریسی لیڈروں سے درخواست کی کہ ہائی وے کا جام ختم کرانے کیلئے پہل کریں۔ممبراسمبلی کی کوششوں کے بعد لاش کو تجہیز و تکفین کیلئے لے جایا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔