2019 میں بیلٹ پیپر سے ہوگا انتخاب! 17 پارٹیوں کی الیکشن کمیشن سے ملاقات جلد
آئندہ ہفتہ 17 اپوزیشن پارٹیوں کی میٹنگ ہونی طے ہے جس میں ای وی ایم سے انتخاب کرانے کی جگہ بیلٹ پیپر سے کرانے کے مطالبے پر سنجیدگی سے غور و خوض کیا جائے گا۔
مختلف اپوزیشن پارٹیوں کے ذریعہ ای وی ایم میں گڑبڑی کی باتیں ہر انتخاب کے بعد کہی جاتی رہی ہیں، لیکن اب اس سلسلے میں اپوزیشن پارٹیاں ایک ساتھ مل کر الیکشن کمیشن پر دباؤ بنانے کے لیے تیاری کر رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق 17 اپوزیشن پارٹیوں کا ایک نمائندہ وفد بہت جلد انتخابی کمیشن سے ملاقات کرے گا اور انتخابات میں ای وی ایم کے استعمال کی جگہ پھر سے بیلٹ پیپر کے استعمال کا مطالبہ کیا جائے گا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اپوزیشن پارٹیوں کے ساتھ مرکزی حکومت اور مہاراشٹر حکومت میں شامل شیو سینا بھی کھڑی نظر آ رہی ہے۔ دراصل ممتا بنرجی نے دہلی کے چار روزہ دورہ کے دوران اپوزیشن پارٹیوں کے کئی لیڈروں سے ملاقات کی اور مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔ اس دوران انھوں نے بیلٹ پیپر سے انتخاب کرائے جانے کی بات بھی رکھی۔ شیو سینا سربراہ اُدھو ٹھاکرے سے ممتا بنرجی کی ملاقات کے دوران بھی یہ موضوع سامنے آیا اور انھوں نے ساتھ دینے کی بات کہی۔
اطلاعات کے مطابق آئندہ ہفتہ 17 اپوزیشن پارٹیوں کی میٹنگ ہونی طے ہے جس میں ای وی ایم سے انتخاب کرانے کی جگہ بیلٹ پیپر سے کرانے کے مطالبے پر سنجیدگی سے غور و خوض کیا جائے گا۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس میٹنگ میں ترنمول کانگریس، این سی پی، عام آدمی پارٹی، سماجوادی پارٹی، راشٹریہ جنتا دل، بہوجن سماج پارٹی، ڈی ایم کے، سی پی ایم، سی پی آئی، جنتا دل سیکولر، آئی یو ایم ایل، ٹی ڈی پی، کے سی (ایم)، وائی ایس آر سی پی وغیرہ شامل رہیں گی۔ امید یہ بھی ظاہر کی جا رہی ہے 17 پارٹیوں کا جو نمائندہ وفد انتخابی کمیشن سے ملاقات کر کے عرضداشت پیش کرے گا اس کی قیادت ٹی ایم سی سربراہ ممتا بنرجی خود کریں گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔