نااہل قراردیے گئے 17 میں سے 16 ارکان اسمبلی بی جے پی میں شامل

کرناٹک اسمبلی کے سابق اسپیکر رمیش کمار کے ذریعہ نااہل قراردیے گئے 17 میں سے 16 ارکان اسمبلی بھارتیہ جنتا پارٹی میں شامل ہوگئے جن میں جنتادل (سکیولر )کے سابق ریاستی صدر ایچ وشو ناتھ بھی شامل ہیں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

بنگلورو: کرناٹک اسمبلی کے سابق اسپیکر رمیش کمار کے ذریعہ نااہل قراردیے گئے 17 میں سے 16 ارکان اسمبلی بھارتیہ جنتا پارٹی میں شامل ہوگئے جن میں جنتادل (سکیولر )کے سابق ریاستی صدر ایچ وشو ناتھ بھی شامل ہیں۔ سپریم کورٹ نے کل ہی ان 17باغی ارکان اسمبلی کو نااہل قراردیے جانے کے فیصلہ کوجائز ٹھہرایاتھا، لیکن انھیں اسمبلی الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی تھی۔

عدالت نے واضح کیاکہ پوری مدت کار کےلیے نااہل قرار دینے کا اسپیکر کا فیصلہ مناسب نہیں تھا۔سپریم کورٹ نے باغی ارکان کو اسمبلی الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی۔ اس موقع پر وزیراعلی بی ایس یدیورپا نے سابق ارکان اسمبلی کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا، ’’ آپ کی قربانی رائیگاں نہیں جانے دی جائیگی اور ضمنی انتخاب کے لیے آپ کو ٹکٹ دیے جائیں گے اور آپ لوگوں کی جیت یقینی بنانے کے لیے ہرممکن مددکی جائیگی ۔‘‘


نائب وزیراعلی سی این اشوتھ نارائن اور بی جے پی کے ریاستی صدر نلن کمار کتیل سمیت کئی سینئر لیڈر اس موقع پر موجود تھے۔ ان لیڈروں نے پارٹی میں شامل ہونے والے سابق ارکان اسمبلی کو پارٹی کا پرچم پیش کرکے انکا استقبال کیا۔ سابق ارکان کو بی جے پی میں شامل کیے جانے کے تعلق سے پارٹی کی ریاستی شاخ میں اتفاق نہیں ہے۔ سابق وزیر اور نااہل قراردیے گئے رکن اسمبلی روشن بیگ اس موقع پر موجود نہیں تھے۔

کانگریس کے سابق لیڈر بیگ وزیراعلی سے ملاقات کرکے اپنی روایتی شیواجی نگر اسمبلی سیٹ سے الیکشن لڑنے کے لیے ٹکٹ کی درخواست کرچکے ہیں۔ وشوناتھ نے پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ’’ بی جے پی میں شامل ہونے والے سبھی سیاسی صف بندی کا حصہ ہیں جسے ملک بھر میں دیکھا جا سکتا ہے۔ ہم نے کسی سیاسی فائدہ یا اقتدار کے لیے اپنی اسمبلی سیٹوں کو نہیں چھوڑا ہے۔‘‘


واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے کرناٹک میں کانگریس اور جنتادل (ایس) کے نااہل قراردیے گئے 17 ارکان اسمبلی کو راحت دیتے ہوئے انھیں ضمنی انتخاب لڑنے کی اجازت دیدی ہے ۔سپریم کورٹ نے کرناٹک اسمبلی کے اس وقت کے اسپیکر کے ذریعہ ارکان اسمبلی کو نااہل قراردینے کے فیصلہ کو جائز ٹھہرایاہے۔ ان ارکان اسمبلی میں 14 کانگریس اور تین جنتادل (ایس) کے ہیں ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔