جھارکھنڈ کے 158 بلاک خشک سالی متاثرہ قرار دیے جائیں گے، کسانوں کو ملے گی معاشی مدد
میٹنگ میں وزیر اعلیٰ نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کو ہدایت دی کہ ان سبھی 158 بلاکوں کو خشک سالی متاثرہ قرار دینے سے متعلق تجویز تیار کریں تاکہ اسے وزارتی کونسل کی میٹنگ میں منظوری کے لیے رکھا جا سکے۔
جھارکھنڈ میں کم بارش کی وجہ سے 17 ضلعوں کے 158 بلاکوں میں خشک سالی کی حالت ہے۔ اس تعلق سے بدھ کے روز وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کی صدارت میں اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی میٹنگ ہوئی جس میں محکمہ زراعت کی درخواست کو پیش نظر رکھتے ہوئے ان سبھی بلاکوں کو خشک سالی متاثرہ علاقہ قرار دینے کو سفارش کی گئی ہے۔
میٹنگ میں وزیر اعلیٰ نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ محکمہ کو ہدایت دی ہے کہ ان سبھی 158 بلاکوں کو خشک سالی متاثرہ قرار دینے سے متعلق تجویز تیار کریں تاکہ اسے وزارت کونسل کی میٹنگ میں منظوری کے لیے رکھا جا سکے۔ وزیر اعلیٰ ڈیزاسٹر مینجمنٹ محکمہ کے افسران کو یہ ہدایت بھی دی ہے کہ وہ مرکزی حکومت کو امدادی رقم دستیاب کرانے کے لیے تجویز بھیجیں تاکہ اس رقم سے خشک سالی متاثرہ کسانوں کو معاشی مدد دی جا سکے۔
وزیر اعلیٰ نے گزشتہ سال کی طرح امسال بھی خشک سالی متاثرہ کسانوں کو فوری راحت کے طور پر 3500 روپے فی کسان امدادی رقم دینے کی ہدایت دی ہے۔ اس کے علاوہ ویسے کسان جن کی فصل کم بارش کی وجہ سے 33 فیصد تک خراب ہوئی ہے، انھیں اِنپٹ گرانٹ رقم کی ادائیگی کی جائے گی۔
اس میٹنگ میں ریاستی وزیر بنّا گپتا، بادل پترلیکھ، چیف سکریٹری ایل کھیانگتے، پرنسپل سکریٹری اجئے کمار سنگھ، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری ونئے کمار چوبے، سکریٹری امیتابھ کوشل، سکریٹری ابو بکر صدیقی اور محکمہ زراعت کے اسپیشل سکریٹری پردیپ ہزاری موجود تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔