دہلی میں اومیکرون کا خطرہ بڑھا، 15 مشکوک لوگوں کو کیا اسپتال میں داخل
جن پندرہ مشکوک افراد کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ان میں نو کورونا پازیٹو یعنی کورونا سے متاثر ہیں، چھہ کے گلے میں خراش ہے اور بخار کی علامتیں ہیں ۔
جنوبی افریقہ میں ملے کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ اومیکرون کا خوف بڑھتا ہی جا رہا ہے ۔ واضح رہے ہندوستان میں کرناٹک، مہاراشٹر اور گجرات سے اس نئے ویرینٹ کے معاملہ سامنے آ چکے ہیں اور اب خبر یہ ہے کہ دہلی کے ایل این جے پی اسپتال میں ایسے 15 افراد کو داخل کرایا گیا ہے جن پر اس وینرینٹ سے متاثر ہو نے کا شک ہے کیونکہ یہ ان ممالک سے واپس آئے ہیں جہاں پر یہ ویرینٹ اپنے پیر پھیلا چکا ہے۔ ان سبھی 15 افراد کے نمونہ جانچ کے لئے بھیجے جا چکے ہیں اور ان کی رپورٹ چار سے پانچ دن کے اندر آنے کی امید ہے۔
واضح رہے نیوز ایجنسیوں کی خبروں کے مطابق جن 15 مشکوک افراد کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ان میں 9 کورونا پازیٹو یعنی کورونا سے متاثر ہیں، 6 کے گلے میں خراش ہے اور بخار کی علامتیں ہیں ۔ ان سب کو دہلی کے ایل این جے پی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے کیونکہ حکومت نے اس اسپتال کو اومیکرون وائرس سے متاثرین کے لئے ریزرو کر دیا ہے۔
جمعہ تک ایسے مریضوں کی تعداد بارہ تھی جو اب بڑھ کر پندرہ ہو گئی ہے ۔نیوز پورٹل آج تک پر شائع خبر کے مطابق اسپتال کے میڈیکل ڈاریکٹر ڈاکٹر سریش کمار نے بتایا کہ جو تین نئے مریض اسپتال میں داخل ہوئے ہیں وہ سبھی برطانیہ سے آ ئے ہیں۔ واضح رہے مرکز نے برطانیہ، جنوبی افریقہ، برازیل، بوتسوانا، چین، ماریشس، نیو زی لینڈ، زمبابوے، سنگا پور،ہانک کانگ اور اسرائیل کو ’ہائی رسک‘ یعنی سب سے خطرے والے ممالک کی فہرست میں رکھا ہے۔ان ممالک سے آنے والے مسافروں کو آر ٹی پی سی آر جانچ کرانا ضروری ہے۔
ہندوستان میں نئے ویرینٹ کے ابھی تک چار مریض سامنے آئے ہیں جن میں دو کا تعلق کرناٹک سے ہے اور ایک ایک کا مہاراشٹر اور گجرات سے ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔