’بہار میں 17 اضلاع کے 15 لاکھ افراد سیلاب سے متاثر‘، کانگریس صدر نے پی ایم کیئرس فنڈ سے معاوضہ دینے کا کیا مطالبہ

کھڑگے نے ’ایکس‘ پر کیے گئے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’بہار میں سیلاب کا منظر خوفناک ہوتا جا رہا ہے، 17 اضلاع میں تقریباً 15 لاکھ لوگ سیلاب سے متاثر ہیں اور چند دنوں میں ہی کئی اموات کی خبر تکلیف دہ ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>ملکارجن کھڑگے /&nbsp; آئی اے این ایس</p></div>

ملکارجن کھڑگے / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے بہار میں سیلاب سے جان و مال کے نقصان پر انتہائی غم و افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے بہار میں پیدا مشکل حالات کے درمیان مرکزی و ریاستی حکومت سے گزارش کی ہے کہ راحت و بچاؤ کے کاموں میں تیزی لائی جائے۔ ساتھ ہی کھڑگے نے مطالبہ کیا ہے کہ سیلاب متاثرین کو ’پی ایم کیئرس‘ فنڈ سے معاوضہ دیا جائے۔

دراصل بہار کے کئی اضلاع ان دنوں سیلاب سے متاثر ہیں۔ افسران نے بدھ کے روز جو جانکاری دی تھی، اس میں بتایا گیا تھا کہ سیلاب متاثرہ سیتامڑھی ضلع میں ہی ڈوبنے سے چھ لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ اس طرح کی خبروں پر کھڑگے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’بہار میں سیلاب کا منظر خوفناک ہوتا جا رہا ہے۔ 17 اضلاع میں تقریباً 15 لاکھ لوگ سیلاب سے متاثر ہیں۔ گزشتہ کچھ دنوں میں کئی لوگوں کی موت کی خبر بے حد تکلیف دہ ہے۔ پل ٹوٹ گئے ہیں اور خصوصاً شمالی بہار میں آفت کے سبب شہریوں کے گھر اجڑ گئے ہیں۔‘‘


اس پوسٹ میں کھڑگے یہ بھی لکھتے ہیں کہ ’’مرکزی و ریاستی حکومت سے ہمارا مطالبہ ہے کہ راحت و بچاؤ کاموں میں تیزی لائی جائے تاکہ متاثرین کو فوری مدد مل سکے۔ مشکل حالات میں ہندوستانی فضائیہ، این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں جو مدد کر رہی ہیں، ان کا ہم تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔ لیکن اب بھی ریاستی حکومت کی ایجنسیوں کے ذریعہ کافی مدد کی ضرورت ہے۔‘‘

کانگریس صدر کھڑگے کا کہنا ہے کہ مرکزی حکومت کو ’پی ایم کیئرس‘ فنڈ سے ہر سیلاب متاثرین کو موافق معاوضہ دینا چاہیے اور ریاستی حکومت کی مدد کرنی چاہیے۔ کھڑگے نے مزید کہا کہ جن کسانوں کی فصل برباد ہوئی ہے انھیں بھی معاوضہ ملنا چاہیے۔ ساتھ ہی انھوں نے کانگریس کارکنان سے گزارش کی کہ وہ متاثرین کی ہر ممکن مدد اور خدمت کریں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔