میرٹھ میں 15 کلو سونے کی لوٹ، ایک مشتبہ گرفتار
اترپردیش کے میرٹھ میں گولڈ لون کمپنی سے تقریبا پانچ کروڑ روپے کا 15 کلو گرام سونا لوٹنے کے معاملے میں پولس نے ایک مشتبہ کو گرفتار کیا ہے، پولس اس سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔
میرٹھ: اترپردیش کے میرٹھ میں گولڈ لون کمپنی سے تقریبا پانچ کروڑ روپے کا 15 کلو گرام سونا لوٹنے کے معاملے میں پولس نے ایک مشتبہ کو گرفتار کیا ہے۔ پولس اس سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔
پولس ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ شہر کے بیگم پور علاقے میں من پورم گولڈ لون کمپنی کی برانچ ہے۔ جمعرات کی شام تقریباََ ساڑھے چھ بجے اپاچی موٹر سائکل پر سوار دو بدمعاش وہاں گھس آئے۔ہتھیاروں کی نوک پر انہوں نے منیجر سچن تومر اور دو خاتون ملازمین کے ہاتھ پیر باندھ دئے۔ اس کے بعد بدمعاشوں نے برانچ میں رکھا ساڑھے 15 کلو سونا لوٹ لیا۔
انہوں نے بتایا کہ لوٹ کے بعد بدمعاشوں نے اپنی موٹر سائیکل سے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن وہ اسٹارٹ نہیں ہوئی۔ اس کے بعد وہ پیدل بھاگے اور کچھ دور ایک شخص کے سر پر پستول سے حملہ کر کے اس کی موٹر سائیکل چھین لی اور اس پر سوار ہوکر فرار ہو گئے۔
پولس کوشبہ ہے کہ بدمعاشوں کے کچھ اور ساتھی کمپنی کے باہر بھی رہے ہوں گے۔جس بیگ میں بدمعاش سونا لے گئے تھے اس میں جی پی ایس ٹریکر لگا تھا۔ دیر رات سرولانس سیل کو بیگ کی لوکیشن دہلی ہری دوار قومی شاہراہ پر واقع ایک ریستوران کے نزدیک ملی۔ اس کے بعد کرائم برانچ اور پولس کی پانچ دیگر ٹیموں نے وہاں محاصرہ کیا۔
انهونے بتایا کہ محاصرے کے باوجود بدمعاش فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے لیکن ایک مشتبہ کو گرفتار کر لیا گیا۔ میرٹھ کے سینئر پولس سپرنٹنڈنٹ (ایس ایس پی) اے این سنگھ نے بتایا کہ سونے لون کمپنی کی برانچ میں سیکورٹی کے انتظامات نہیں تھے۔ انہوں نے بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے بدمعاشوں کی شناخت کر لی گئی ہے اور جلد ہی انہیں گرفتار کر لیا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔