دہلی: ’جامع مسجد علاقہ‘ کے ایک ہی خاندان میں 11 افراد کورونا پازیٹو، دہشت میں لوگ
کورونا پازیٹو پائے گئے سبھی لوگوں نے خود ہی پرائیویٹ کلینک میں اپنا ٹیسٹ کرایا تھا اور جب ریزلٹ آیا تو پتہ چلا کہ خاندان کے 11 افراد کورونا وائرس انفیکشن کے شکار ہیں۔
پرانی دہلی واقع جامع مسجد علاقے میں ایک ہی فیملی کے 11 افراد کورونا وائرس کی زد میں آ گئے ہیں۔ کورونا وائرس انفیکشن کے شکار یہ سبھی لوگ جامع مسجد کے چوڑی والان علاقہ میں رہتے ہیں۔ یہ علاقہ پرانی دہلی میں سب سے گھنی آبادی والا علاقہ ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ جن 11 لوگوں میں کورونا پازیٹو کی تصدیق ہوئی ہے ان میں دو مہینے اور 12 سال کے بچے بھی شامل ہیں۔ اس خبر سے علاقے میں دہشت کا ماحول پیدا ہو گیا ہے۔
میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق کورونا پازیٹو پائے گئے سبھی لوگوں نے خود ہی پرائیویٹ کلینک میں اپنا ٹیسٹ کرایا تھا اور جب ریزلٹ آیا تو پتہ چلا کہ خاندان کے 11 افراد کورونا وائرس انفیکشن کے شکار ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ چوڑی والا علاقہ میں کئی جگہ پر دو گھروں کے درمیان دو میٹر کی دوری بھی نہیں ہے اور اس وجہ سے لوگوں میں انفیکشن پھیلنے کا خطرہ بہت زیادہ ہے۔ چوڑی والا جامع مسجد سے تقریباً نصف کلو میٹر کی دوری پر ہی واقع ہے اور یہاں تین بھائیوں کا مشترکہ خاندان رہتا ہے۔ اس مشترکہ خاندان میں کل 18 اراکین ہیں۔ اس طرح دیکھا جائے تو 7 اراکین کورونا سے محفوظ ہیں، لیکن احتیاطاً یہ سبھی پھر سے جانچ کرانے والے ہیں۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق اس خاندان کا ایک رکن بیرون ملک کا سفر کر کے ہندوستان لوٹا تھا۔ اس رکن کی فیملی میں سب سے پہلے کورونا پھیلا اور اس وقت بیرون ملک سے لوٹے شخص کا علاج میکس اسپتال میں چل رہا ہے۔ فیملی کے بقیہ افراد نے ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ اس وقت لیا جب تین لوگوں کی طبیعت خراب رہنے لگی۔ بتایا جاتا ہے کہ جن 11 لوگوں میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے، ان میں سے 3 کی حالت سنگین ہے۔ ان تینوں کو دہلی گیٹ واقع ایل این جے پی اسپتال میں علاج کے لیے داخل کرایا گیا ہے۔
اب اس علاقے میں صحت اہلکار لوگوں کی جانچ کے لیے پہنچ گئے ہیں۔ ایک افسر نے کہا کہ اب ہم ان سبھی اشخاص کی شناخت کر رہے ہیں جو کہ گزشتہ دنوں اس خاندان کے رابطے میں آئے تھے۔ غور طلب ہے کہ دہلی میں کورونا ہاٹ اسپاٹ یعنی کنٹنمنٹ زون کی تعداد بڑھ کر 90 ہو گئی ہے۔ وہیں بدھ کے روز رات تک دہلی میں کورونا وائرس کے نئے معاملے سامنے آئے ہیں جس کے بعد دہلی میں کورونا کے کل معاملے 2248 ہو گئے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 23 Apr 2020, 6:40 PM