امریکہ میں کورونا سے 11 ہندوستانیوں کی موت، 16 میں انفیکشن کی تصدیق
16 ہندوستانیوں میں کورونا انفیکشن کی تشخیص کے تعلق سے بتایا جاتا ہے کہ ان میں چار خواتین ہیں۔ سبھی انفیکشن والے مریضوں کو علیحدہ علیحدہ رکھا گیا ہے اور یہ سبھی سخت نگرانی میں ہیں۔
کورونا وائرس انفیکشن کی وجہ سے امریکہ میں ہلاکتوں کی تعداد لگاتار بڑھتی جا رہی ہے اور روزانہ سینکڑوں انفیکشن کے نئے معاملے سامنے آ رہے ہیں۔ اس درمیان خبریں موصول ہو رہی ہیں کہ امریکہ میں مقیم 11 ہندوستانیوں کی موت کورونا وائرس انفیکشن کی وجہ سے ہو گئی ہے۔ ساتھ ہی یہ بھی پتہ چلا ہے کہ 16 دیگر ہندوستانی اس وائرس کی زد میں ہیں جن کا علاج جاری ہے۔
خبر رساں ادارہ پی ٹی آئی نے بتایا ہے کہ امریکہ میں جن 11 ہندوستانیوں کی وائرس انفیکشن سے موت ہوئی ہے، وہ سب مرد ہیں۔ ان 11 مہلوکین میں سے 10 کا تعلق نیو یارک اور نیو جرسی علاقہ سے ہے۔ مہلوکین میں سے 4 نیو یارک شہر میں ٹیکسی ڈرائیور تھے۔ ایک ہندوستانی کی فلوریڈا میں مبینہ طور پر کورونا انفیکشن کی وجہ سے موت ہو گئی ہے۔
اس درمیان کیلیفورنیا اور ٹیکساس ریاستوں میں افسر کچھ دیگر لوگوں کی قومیت کا بھی پتہ لگا رہے ہیں جن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ ہند نژاد ہیں۔ 16 ہندوستانیوں میں کورونا انفیکشن کی تشخیص کے تعلق سے بتایا جاتا ہے کہ ان میں چار خواتین ہیں۔ ان سبھی کو علیحدہ علیحدہ رکھا گیا ہے اور یہ سبھی سخت نگرانی میں ہیں۔ ان میں سے 8 نیو یارک سے، 3 نیو جرسی سے اور بقیہ ٹیکساس و کیلیفورنیہ جیسی ریاستوں سے ہیں۔ یہ ہندوستانی اتراکھنڈ، مہاراشٹر، کرناٹک اور اتر پردیش جیسی ریاستوں کے باشندہ ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔