دس سالہ بچہ کوآپریٹو بینک سے برسرعام 10 لاکھ روپے لے کر فرار
بینک سے چوری کر کے باہر نکلنے کے بعد لڑکے نے تیزی کے ساتھ دوڑ لگا دی اور پھر بینک کا الارم بج اٹھتا ہے۔ بینک کا گارڈ اس بچے کا پیچھا کرتا ہے لیکن وہ رفوچکر ہونے میں کامیاب ہو جاتا ہے۔
مدھیہ پردیش میں جرم کا ایک حیران کر دینے والا معاملہ سامنے آیا ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق محض 10 سال کے ایک لڑکے نے نیمچ واقع کو آپریٹو بینک سے 10 لاکھ روپے کی چوری کر لی اور فرار ہو گیا۔ حیرانی کی بات یہ ہے کہ چوری کا یہ معاملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب بینک میں سب سے زیادہ بھیڑ رہتی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ جاود واقع کوآپریٹو بینک میں ملزم بچے نے محض 30 سیکنڈ کے اندر چوری کا یہ واقعہ انجام دے دیا۔
10 لاکھ روپے کی اس چوری کے تعلق سے نہ ہی بینک میں موجود کسی افسر کو پتہ چل سکا اور نہ ہی سیکورٹی گارڈ کو ہی اس کی بھنک لگی۔ معاملے کا انکشاف تب ہوا جب سی سی ٹی وی کیمرے کو کھنگالا گیا۔ ویڈیو فوٹیج میں لڑکا صبح تقریباً 11 بجے بینک میں داخل ہوتا ہے اور پھر وہ کیشیر کے کمرے میں داخل ہوتا ہے۔ اس دوران کاؤنٹر کے سامنے کھڑے گاہکوں کو اس کی کوئی خبر نہیں لگتی۔ لڑکا انتہائی شاطرانہ انداز میں تیزی کے ساتھ نوٹ کی گڈی کو ایک تھیلے میں گراتا ہے اور پھر فوراً باہر نکل جاتا ہے۔
خبروں کے مطابق بینک سے چوری کر کے باہر نکلنے کے بعد لڑکے نے تیزی کے ساتھ دوڑ لگا دی اور پھر بینک کا الارم بج اٹھتا ہے۔ بینک کا گارڈ اس بچے کا پیچھا کرتا ہے لیکن وہ رفوچکر ہونے میں کامیاب ہو جاتا ہے۔ چوری کی خبر ملتے ہی جب پولس وہاں پہنچی تو سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھا جس سے پتہ چلا کہ ملزم بچے کو کوئی شخص گائیڈ کر رہا تھا۔ یہ نوجوان پہلے سے بینک کے ہی اندر موجود تھا۔ جیسے ہی اس نے کیشیر کو اپنی سیٹ سے اٹھ کر دوسرے کمرے میں جاتے دیکھا، اس نے بینک کے باہر کھڑے بچے کو اشارہ کر دیا۔
بتایا جاتا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں صاف دکھائی دے رہا تھا کہ بچے نے انتہائی شاطر چور کی طرح نوٹوں کے بنڈل تھیلے میں رکھنا شروع کیا اور پھر جلد ہی وہاں سے نکل گیا۔ پولس کا کہنا ہے کہ ملزم بچہ قد میں چھوٹا تھا اس لیے کیش کاؤنٹر کے آگے کھڑے لوگ اسے پیسے چراتے ہوئے نہیں دیکھ سکے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 16 Jul 2020, 10:21 AM