راجستھان میں بے قابو مسافر بس پُلیا سے ٹکرائی، 12 افراد جاں بحق، 20 سے زائد زخمی
سیکر پولیس کے مطابق حادثہ منگل کی دوپہر پیش آیا، عینی شاہدین نے پولیس کی پوچھ تاچھ میں بتایا کہ بس اچانک سے لہرانے لگی اور دیکھتے ہی دیکھتے بس نے پوری رفتار سے پُلیا کی دیوار میں ٹکر مار دی۔
راجستھان کے سیکر میں منگل کے روز ایک افسوسناک سڑک حادثہ پیش آیا جس میں کم از کم 12 افراد جاں بحق اور 20 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ سیکر ضلع کے لکشمن گڑھ علاقہ میں ایک پرائیویٹ مسافر بس لکشمن گڑھ پُلیا پر بے قابو ہو گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے یہ بس پوری رفتار کے ساتھ پُلیا کی دیوار سے ٹکرا گئی۔ اس بس میں تقریباً 40 لوگوں کے سوار ہونے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔
اس حادثہ کی خبر ملتے ہی پولیس جائے وقوع پر پہنچی اور سبھی زخمی افراد کو نکال کر علاج کے لیے لکشمن گڑھ اور سیکر کے مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا۔ علاوہ ازیں مہلوکین کی لاش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی تک حادثے کی کوئی ٹھوس وجہ سامنے نہیں آئی ہے، لیکن تحقیقات شروع ہو گئی ہے۔
سیکر پولیس کے مطابق یہ حادثہ منگل کی دوپہر پیش آیا۔ پُلیا کے پاس موجود عینی شاہدین نے پولیس کی پوچھ تاچھ میں بتایا کہ بس اچانک سے لہرانے لگی اور دیکھتے ہی دیکھتے بس نے پوری رفتار سے پُلیا کی دیوار میں ٹکر مار دی۔ حادثہ کے بعد بس میں بیٹھے سواریوں میں چیخ و پکار مچ گئی۔ سیکر ایس پی بھون بھوشن یادو نے حادثہ میں 10 لوگوں کی موت کی تصدیق کی ہے، حالانکہ بعد میں مہلوکین کی تعداد بڑھ کر 12 ہو گئی۔ علاوہ ازیں 20 سے زیادہ مسافروں کے زخمی ہونے کی جانکاری بھی دی گئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔