ملک اور بیرون ملک 9 نومبر کو ’عالمی یوم اردو‘ تقریبات منائی جائیں گی

حکیم الامت علامہ ڈاکٹر اقبال کی یوم پیدائش کی مناسبت سے ہر سال کی طرح اس سال بھی ملک اور بیرون ملک عالمی یوم اردو تقریبات کا انعقادکیا جارہا ہے، اس سلسلے میں اہم تقریب غالب اکیڈمی میں منعقد ہوگی

قومی آواز گرافکس
قومی آواز گرافکس
user

یو این آئی

نئی دہلی: حکیم الامت علامہ ڈاکٹر اقبال کی یوم پیدائش کی مناسبت سے ہر سال کی طرح اس سال بھی ملک اور بیرون ملک عالمی یوم اردو تقریبات کا انعقادکیا جارہا ہے۔اس سلسلے میں سب سے اہم تقریب یہاں غالب اکیڈمی میں منعقد ہوگی۔

اس موقع پر’جدید ہندوستان میں اردو کی حقیقی ترقی:کیوں اور کیسے‘ کے موضوع پر ایک مذاکرہ منعقد کیا جائے گا۔ اردو زبان و ادب کی نمایاں خدمت کے لئے مختلف افراد کوایوارڈ سے نوازا جائے گا اور حسب روایت خصوصی مجلہ کا اجراء کیا جائے گا۔اس سال کا مجلہ منشی پریم چند کی حیات و خدمات پر مشتمل ہے۔

عالمی یوم اردو کے کنوینر ڈاکٹر سید احمد خان نے بتایا کہ گذشتہ 21برسوں سے عالمی یوم اردو تقریبات کا انعقاد ہورہا ہے۔ا س موقع پر دنیا بھر میں پروگرام منعقد کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ غالب اکیڈمی میں منعقد ہونے والے مذاکرہ کی صدارت ماہر اقبالیات اور دہلی یونیورسٹی کے پروفیسر ایمریٹس عبدالحق کریں گے۔ جب کہ دہلی اقلیتی کمیشن کے چیئرمن ڈاکٹر ظفرالاسلام خان، سی سی آر یو ایم کے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر عاصم علی خان،ہمالیہ ڈرگس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ایس فاروق، کانگریس کے ترجمان میم افضل وغیرہ اپنے خیالات کااظہار کریں گے۔


ڈاکٹر خان نے بتایا کہ اس مرتبہ ایوارڈ یافتگان میں اوم پرکاش سونی(محفوظ الرحمان عالمی یوم اردو ایوارڈ برائے صحافت)، ڈاکٹر سید فضل اللہ قادری(قاضی عدیل عباسی عالمی یوم اردو ایوارڈ برائے علمی و طبی خدمات)، خیال انصاری(مولوی اسماعیل میرٹھی عالمی یوم اردو ایوارڈ برائے ادب اطفال)، ڈاکٹر شمس کمال انجم(علامہ سید سلمان ندوی عالمی یوم اردو ایوارڈ برائے ترجمہ نگاری)، فریدہ رحمت اللہ خان(نور جہاں ثروت عالمی یوم اردو ایوارڈ برائے فروغ ادب)، عندلیب اختر(عالمی یوم اردو ایوارڈ برائے ڈیجیٹل میڈیا)، ڈاکٹر یامین انصاری (عثمان فارقلیط عالمی یوم اردو ایوارڈ برائے صحافت)، فرمان چودھری(عالمی یوم اردو ایوارڈ برائے الیکٹرانک میڈیا)، ڈاکٹر شمشاد علی (ڈاکٹر ذاکر حسین عالمی یوم اردو ایوارد برائے درس و تدریس)،نریندر کمار (فداعلی یوم اردو ایوارڈ برائے فوٹو گرافی)، جے چند(منشی پریم چند عالمی یوم اردو ایوارڈ برائے ہندی صحافت)، گوہر اقبال منشورات پبلشرز اینڈ ڈسٹری بیوٹرز(منشی نول کشور یوم اردو ایوارڈ برائے پبلشنگ) شامل ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔