مجتبیٰ حسین طنز و مزاح کے بے مثال ادیب تھے: مقررین

ممتاز مزاح نگار مجتبیٰ حسین اور ادیب و مترجم ڈاکٹر آصف فرخی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے آج یہاں ایک آن لائن تعزیتی نشست کا اہتمام کیا گیا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: ممتاز مزاح نگار مجتبیٰ حسین اور ادیب و مترجم ڈاکٹر آصف فرخی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے آج یہاں ایک آن لائن تعزیتی نشست کا اہتمام کیا گیا۔ ادبی تنظیم ادب جزیرہ کے اہتمام میں منعقدہ اس نشست میں اچاریہ سارتھی کو بھی یاد کیا گیا۔ شرکاء نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مجتبیٰ حسین اردو ادب میں طنز ومزاح کے ایک بے مثال ادیب تھے۔

انھوں نے تمام عمر اردو زبان وادب اور تہذیب کی خدمت میں صرف کی۔ اس کے ساتھ ہی نشست میں معروف ادیب اور مترجم ڈاکٹر آصف فرخی کی علمی اور ادبی خدمات کو بھی خراج عقیدت پیش کیا گیااور اچاریہ سارتھی رومی کی اردو ادب کو ہندی زبان میں منتقل کرنے کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا۔ ان تینوں ادیبوں کا گز شتہ چند روزکے دوران انتقال ہوا ہے۔ ان موقر ہستیوں کی یاد میں ادب جزیرہ تنظیم نے آن لائن یادگاری نشست کا اہتمام بعنوان”یاد رفتگاں“کیاتھا، جس میں اردو ادب کی معروف شخصیات نے متوفیان کی حیات و خدمات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔


معروف فکشن نگار مشرف عالم ذوقی نے ان تینوں ہی شخصیات سے اپنے ذاتی مراسم کا حوالہ دیتے ہوئے ان کی شخصیت کے حوالے سے سیر حاصل گفتگو کی۔ ذوقی نے بتایا کہ ہاورڈ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کرنے والے فرخی نے انگریزی زبان و ادب سے خوب کام لیا۔ ’دنیا زاد‘ کا آخری شمارہ آصف فرخی ’الوداع کتاب‘ کے عنوان سے شایع کرنا چاہتے تھے لیکن یہ خواہش ادھوری رہ گئی۔

معروف شاعر نعمان شوق نے آچاریہ سارتھی رومی کے خلایق حسنہ اور ادبی تخلیقات کا تذکرہ کیا۔ ادبی محفلوں کا جانا پہچانا چہرہ سیف محمود نے بھی ڈاکٹر آصف فرخی کی ہمہ جہت شخصیت کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی اور اردو کی بقا و ترویج کے لیے موصوف کی خدمات کا ذکر کیا۔


اخیر میں ادب جزیرہ کے نایب صدر معروف صحافی معصوم مرادآبادی نے مجتبیٰ حسین کے طویل ادبی سفر کا احاطہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کالم نگاری، خاکہ نگاری، انشائیہ نویسی اور سفر ناموں کے حوالے سے طنزیہ اور مزاحیہ ادب میں اپنی شناخت بنائی اورہر میدان میں اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ معصوم مرادآبادی نے کہا کہ مجتبیٰ حسین کے انتقال سے برصغیر میں اردو طنز ومزاح کے ایک دور کا خاتمہ ہوگیا ہے۔

قبل ازیں ادب جزیرہ کے بانی صدر ناصر عزیز (ایڈوکیٹ) نے ابتدائی خطاب میں مہمان شرکاء کا تعارف کرایا اور مجتبیٰ حسین کی چار دہائیوں قبل امروہہ آمد کو بھی یاد کیا۔انہوں نے ادب جزیرہ کا بھی اجمالی تعارف اور جائزہ پیش کیا. اس پروگرام کو ادب جزیرہ کے پیج پر لائیو نشر کیا گیا اورناظرین نے اس پروگرام کو بہت پسند کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔