ڈاکٹر آصف زہری اور ڈاکٹر محمد اکمل کو استقبالیہ 

تصویر قومی آواز
تصویر قومی آواز
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: انجمن ریسرچ اسکالرز، شعبہ اردو، دہلی یونیورسٹی کی جانب سے آج ریسرچ اسکالرز سمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں جواہر لعل نہرو یونیورسٹی کے استاد ڈاکٹر آصف زہری اور خواجہ معین الدین چشتی اردو ، عربی ، فارسی یونیورسٹی ( لکھنؤ ) کے استادڈاکٹر محمد اکمل کو استقبالیہ بھی پیش گیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد اکمل نے طلبا کو تحقیق کے بنیادی اصولوں کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے مقالے کی ترتیب اور تسوید کے اصولوں پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ حواشی و تعلیقات پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ مقالے کی زبان ہمیشہ صاف ستھری اور واضح ہونی چاہئے۔ مقالے میں کسی بھی طرح کا دعویٰ بغیر دلیل کے پیش کرنا درست نہیں، اس لیے دلائل پیش کرنا انتہائی اہم ہوتا ہے۔

اس موقع پر ڈاکٹر آصف زہری نے ریسرچ کے طریقۂ کار پر مختصر لیکن اہم نکات طلبا کے سامنے رکھے۔ انہوں نے اپنی گفتگو میں مقالے کی پروف ریڈنگ پر خصوصی طور پر توجہ دینے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ جب آپ کسی شخصیت پر مقالہ لکھیں تو ان کے معاصرین پر بھی معلومات فراہم کریں۔

تقریب میں شعبہ کے استاد ڈاکٹر محمد کاظم نے پی ایچ ڈی کے جدید ضوابط پر روشنی ڈالی اور طلبا کو اس کے بنیادی نکات سے روشناس کیا۔ اس موقع پر دہلی یونیورسٹی کے صدر شعبہ اردو پروفیسر ابن کنول نے نہ صرف صدارتی ذمہ داری نبھائی بلکہ مہمانوں کا پرخلوص استقبال بھی کیا۔ پروگرام میں ڈاکٹر علی جاوید، ڈاکٹر مشتاق قادری، ڈاکٹر ابوبکر عباد، ڈاکٹر متھن کمار، ڈاکٹر ارشاد نیازی، ڈاکٹر علی احمد ادریسی، ڈاکٹر سرفراز ، ڈاکٹر دانش حسین خاں، ڈاکٹر عزیر احمد، شاداب شمیم اور شاہد اقبال کے علاوہ طلبا اور ریسرچ اسکالرز کی بڑی تعداد موجود تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔