راجستھان نے کولکتہ نائٹ رائڈرز کو دلچسپ مقابلہ میں دو وکٹ سے ہرایا
کولکتہ نائٹ رائیڈرز اور راجستھان رائلز کے درمیان کھیلے گئے میچ میں جوزبٹلر کی سنچری نے سنیل نارائن کی سنچری کو زیر کر دیا ۔ راجستھان نے 2 وکٹوں سے سنسنی خیز فتح حاصل کی ہے۔
راجستھان رائلز (آر آر)نے سنسنی خیز مقابلے میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز(کے کے آر) کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی۔ پہلے کھیلتے ہوئے کے کے آر نے سنیل نارائن کی سنچری کی بدولت 223 رنز بنائے تھے۔ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے راجستھان کی شروعات اچھی نہیں رہی کیونکہ ٹیم نے پہلے 50 رن کے اندر ہی 2 بڑے وکٹ گنوا دیئے۔ کل کے میچ میں کپتان سنجو سیمسن صرف 12 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے اور یشسوی جیسوال 19 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ لیکن ریان پراگ نے انتہائی طوفانی انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 4 چوکے اور 2 چھکے لگائے اور صرف 14 گیندوں پر 34 رنز بنائے۔ جوزبٹلر، جو ایک اثر انگیز کھلاڑی کے طور پر آئے، راجستھان کے لیے سب سے زیادہ رنز بنائے۔ بٹلر نے 60 گیندوں پر 107 رنز کی ناقابل شکست اننگز میں 9 چوکے اور 6 چھکے لگائے۔
10 اوورز کے بعد راجستھان رائلز کا اسکور 4 وکٹ پر 109 رنز تھا اور ٹیم کو اگلی 60 گیندوں میں 115 رنز درکار تھے۔ آر آر کے لیے مشکلات اس وقت بڑھنے لگیں جب ٹیم نے اگلے 4 اوورز میں صرف 19 رنز بنائے۔ 15ویں اوور سے جوز بٹلر اور روومین پاول نے طوفانی انداز میں بیٹنگ شروع کی۔ ٹیم کو آخری 5 اوورز میں 79 رنز درکار تھے۔ پاول کی 13 گیندوں میں 26 رنز کی اننگز سے آر آر کی جیت کی امیدیں بڑھنے لگیں لیکن سنیل نارائن کی گیند پر وہ اپنا وکٹ گنوا بیٹھے۔
میچ دلچسپ ہوتا جا رہا تھا اور راجستھان کو آخری 12 گیندوں میں 28 رنز درکار تھے اور بٹلر ابھی کریز پر موجود تھے۔ 19 ویں اوور میں 19 رنز آئے جس کی وجہ سے راجستھان کو آخری اوور میں صرف 9 رنز درکار تھے۔ کےکے آر کے لیے اس وقت مسئلہ بڑھ گیا جب اوور کی رفتار سست ہونے کی وجہ سے وہ آخری اوور میں صرف 4 کھلاڑیوں کو 30 گز کے دائرے سے باہر رکھ سکے۔ بٹلر نے آخری گیند پر ایک رن لے کر آر آر کو سنسنی خیز فتح دلائی۔
جوز بٹلر نے کے کے آر کے خلاف میچ میں اپنے آئی پی ایل کیریئر کی 7ویں سنچری بنائی۔ انہوں نے اپنی سنچری 55 گیندوں میں مکمل کی۔ وہ آئی پی ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کے معاملے میں دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ ان سے آگے صرف ویراٹ کوہلی ہیں جن کی انڈین پریمیئر لیگ کی تاریخ میں 8 سنچری اننگز ہیں۔
بھلے ہی کولکتہ نائٹ رائیڈرز میچ ہار گئی لیکن اس میں کوئی شک نہیں کہ سنیل نارائن میچ کے ہیرو رہے۔ اس میچ میں سنیل نارائن نے نہ صرف اپنے آئی پی ایل بلکہ اپنے پورے کرکٹ کیریئر کی پہلی سنچری بنائی ۔ انہوں نے اپنی سنچری 49 گیندوں میں مکمل کی۔ نارائن نے آر آر کے خلاف 56 گیندیں کھیل کر 109 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 13 چوکے اور 6 چھکے بھی شامل تھے۔ نارائن آئی پی ایل کی تاریخ میں کے کے آر کے لیے سنچری بنانے والے تیسرے بلے باز بھی بن گئے ہیں۔ انہوں نے بؤلنگ میں بھی کمال دکھایا۔ نارائن نے 4 اوورز میں 30 رنز دے کر 2 اہم وکٹیں حاصل کیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔