لیونگسٹن کی طوفانی اننگز سے پنجاب کی جیت
حیدرآباد نے آٹھ وکٹ پر 157 رنز کا چیلنجنگ اسکور بنایا لیکن پنجاب نے 15.1 اوور میں پانچ وکٹ پر 160 رنز بنا کر ہدف حاصل کرلیا۔
لیام لیونگسٹن نے پانچ چھکوں کی مدد سے پنجاب کنگز نے آئی پی ایل کے ایک غیر معمولی نتیجے میں سن رائزرس حیدرآباد کو 29 گیندیں باقی رہتے پانچ وکٹوں سے شکست دی۔ اس طرح پنجاب نے جیت کے ساتھ آئی پی ایل 2022 میں اپنی مہم کا خاتمہ کیا۔
حیدرآباد نے ابھیشیک شرما (43)، واشنگٹن سندر (25) اور رومریو شیفرڈ (ناٹ آؤٹ 26) کی کارآمد اننگز کی بدولت 20 اوور میں آٹھ وکٹ پر 157 رنز کا چیلنجنگ اسکور بنایا لیکن پنجاب نے 15.1 اوور میں پانچ وکٹ پر 160 رنز کا آسان اسکور حاصل کرلیا۔ یہ 14 میچوں میں پنجاب کی ساتویں جیت تھی جبکہ حیدرآباد 14 میچوں میں آٹھویں نمبر پر رہا، جو پنجاب سے دو درجے نیچے ہے۔
ہدف کے تعاقب میں اوپنر جانی بیرسٹو نے 15 گیندوں میں 23 رنز، شکھر دھون نے 32 گیندوں میں 39 رنز، شاہ رخ خان نے 10 گیندوں میں 19 رنز، جیتیش شرما نے 7 گیندوں میں 19 اور لیونگسٹن نے 22 گیندوں میں دو چوکوں اور پانچ چھکوں کے ساتھ ناٹ آؤٹ 49 رنز بنائے۔ پنجاب نے میچ کو 16ویں اوور کی پہلی گیند پر ختم کردیا۔ لیونگسٹن نے روماریو شیفرڈ پر 97 میٹر لمبا چھکا لگا کر ٹورنامنٹ کے ایک ہزار چھکے بھی مکمل کیے۔
اس کے ساتھ ہی پنجاب کنگز نے اپنی آئی پی ایل 2022 کی مہم کا اختتام جیت کے ساتھ کیا۔ پہلے ان کے گیند بازوں نے حیدرآباد کو برابری کے اسکور پر روکا اور پھر بیرسٹو، دھون اور لیونگسٹن نے اپنی ٹیم کی جیت کے لیے کارآمد اننگز کھیلی۔
اس سے پہلے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اوپنر ابھیشیک نے 32 گیندوں پر 43 رنز میں پانچ چوکے اور دو چھکے لگائے۔ راہول ترپاٹھی نے 18 گیندوں میں 20 اور ایڈن مارکرم نے 17 گیندوں میں 21 رنز بنائے۔ حیدرآباد نے اپنا پانچواں وکٹ 96 کے اسکور پر کھو دیا لیکن اس کے بعد سندر اور شیفرڈ نے چھٹی وکٹ کے لیے 58 رنز کی شراکت قائم کی۔ سندر نے اپنی 19 گیندوں کی اننگز میں تین چوکے اور ایک چھکا لگایا جبکہ شیفرڈ نے 15 گیندوں کی اپنی اننگز میں دو چوکے اور دو چھکے لگائے۔
تیسرے اوور میں پریم گرگ کے آؤٹ ہونے پر حیدرآباد کی شروعات اچھی نہیں تھی۔ لیکن ابھیشیک شرما اور راہل ترپاٹھی نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ حالانکہ وہ بھی بہت سست تھے۔ درمیان میں، ہرپریت برار نے تین وکٹیں لے کر حیدرآباد کی اننگز کو تہس نہس کردیا اور آخر میں نیتھن ایلس نے تین وکٹیں لے کر انہیں بڑا مجموعہ بنانے سے روک دیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔