کپتان کے ایل راہل اور گیند بازوں کی بدولت لکھنؤ کی 36 رنوں سے جیت

169 رنوں کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری ممبئی کی ٹیم آٹھ وکٹوں کے نقصان پر صرف 132 رنز ہی بنا سکی۔ ٹورنامنٹ میں یہ ممبئی انڈینس کی لگاتار آٹھویں شکست ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

کپتان کے ایل راہل کی سنچری کے بعد گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت لکھنؤ سپر جائنٹس نے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آئی پی ایل میچ میں ممبئی انڈینس کو 36 رنوں سے شکست دے دی۔
لکھنؤ سپر جائنٹس کے گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت 169 رنوں کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری ممبئی کی ٹیم آٹھ وکٹوں کے نقصان پر صرف 132 رنز ہی بنا سکی۔ ٹورنامنٹ میں یہ ممبئی انڈینس کی لگاتار آٹھویں شکست ہے۔

ممبئی کے روہت شرما کے 39 رنوں نے ٹیم کو تیز شروعات فراہم کی لیکن پاور پلے کے بعد لکھنؤ نے ممبئی پر دباؤ بنانا شروع کیا۔ ٹاپ بلے باز ایشان کشن کوروی بشنوئی نے آٹھ رنوں پر سلپ میں کیچ کراکر آوٹ کردیا۔


کنال پانڈیا، محسن خان اور آیوش بدونی ممبئی کے مڈل آرڈر کو پویلین کی راہ دکھاتے رہے۔ بدونی نے دھماکہ خیز بلے باز سوریہ کمار یادو کوسات رنوں پرآؤٹ کرکے اپنا پہلا آئی پی ایل وکٹ لیا۔ تلک ورما (38) اور کیرون پولارڈ (19) نے کچھ وقت تک ممبئی کی امیدوں کو زندہ رکھا۔ جیسن ہولڈر نے 18ویں اوور میں تلک کو آؤٹ کردیا۔پولارڈ کو آؤٹ کرتے ہوئے پانڈیا نے اس میچ میں تین وکٹ اپنے نام کئے۔

اس سے قبل ٹاس جیت کر لکھنو کو بلے بازی کی دعوت دینے والی ممبئی نے پاور پلے میں اپنادبدبہ برقرار رکھا۔ تاہم راہل نے اپنے بلے کاکمال دکھاتے ہوئے ٹیم کے لئے رن جوڑتے رہے۔ انہوں نے 62 گیندوں پر 12 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 103 رن بنائے۔ لکھنؤ نے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے۔


کے ایل راہل کے علاوہ ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی 30 رنز کا ہندسہ بھی نہ چھو سکا۔ جسپریت بمراہ نے کوئنٹن ڈی کاک کو 10 رنوں پر پویلین بھیج دیا۔ منیش پانڈے صرف 22 رن بناکر کیرون پولارڈ کے ہاتھوں اپنا وکٹ گنوا بیٹھے۔ راہل کی اس سیزن میں ممبئی کے خلاف یہ دوسری سنچری ہے۔ ممبئی کی جانب سے پولارڈ اور میریڈتھ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ بمراہ اور سیمن کے کھاتے میں ایک ایک وکٹ آیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔