ڈی کاک کی شاندار سنچری کی بدولت لکھنؤ پلے آف میں داخل

لکھنؤ نے پچھلے دو میچوں کی ناکامی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے بغیر کوئی وکٹ کھوئے 20 اووروں میں 210 رنز کا بڑا اسکور بنایا اور کولکتہ کے مشکل چیلنج کو 20 اووروں میں آٹھ وکٹ پر 208 رن پر تھام لیا۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

کوئنٹن ڈی کاک (ناٹ آؤٹ 140) کی شاندار سنچری اور کپتان لوکیش راہل (ناٹ آؤٹ 68) کے ساتھ 210 رنز کی ریکارڈ ناٹ آؤٹ شراکت داری اور تیز گیند باز محسن خان (20 رنز دے کر 4) کی مہلک گیندبازی کی وجہ سے لکھنؤ سپر جائنٹس نے آخری گیند تک سانس روکے ہوئے میچ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو صرف دو رنز سے شکست دے کر آئی پی ایل پلے آف میں جگہ بنا لی۔ لکھنؤ گجرات کے بعد پلے آف میں پہنچنے والی دوسری ٹیم بن گئی ہے۔

لکھنؤ نے پچھلے دو میچوں کی ناکامی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے بغیر کوئی وکٹ کھوئے 20 اووروں میں 210 رنز کا بڑا اسکور بنایا اور کولکتہ کے مشکل چیلنج کو 20 اووروں میں آٹھ وکٹ پر 208 رن پر تھام لیا۔ یہ 14 میچوں میں لکھنؤ کی نویں جیت تھی اور وہ 18 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر دوسرے نمبر پر آ گئی ہے، جبکہ کولکتہ کو 14 میچوں میں آٹھویں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور وہ 12 پوائنٹس پر رہ گیا۔


ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ڈی کاک نے بارہ رن کے ذاتی اسکور پر ایک زندگی ملنے کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے 70 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 140 رنز میں 10 چوکے اور 10 چھکے لگائے۔ راہل نے نصف سنچری بنائی اور لگاتار پانچویں بار آئی پی ایل میں 500 رن مکمل کئے۔ راہل نے 51 گیندوں پر 68 رن میں تین چوکے اور چار چھکے لگائے۔

ٹی 20 کرکٹ میں یہ صرف چوتھا موقع ہے کہ کسی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کوئی وکٹ نہیں گنوائی۔ آج کے افتتاحی شراکت داروں کو آنے والے سالوں تک یاد رکھا جائے گا۔ اس وکٹ پر بیٹنگ کرنا مشکل تھا تاہم راہل اور ڈی کاک نے اپنی سمجھ بوجھ سے مشکل وکٹ کو آسان بنا دیا۔آخری پانچ اووروں میں انہوں نے کولکتہ کے گیند بازوں کے چتھڑے اڑادیئے۔


کولکتہ کے ٹم ساؤتھی چار اوورز میں 57 رنز دے کر سب سے مہنگے ثابت ہوئے۔ آندرے رسل نے تین اوورز میں 45 رنز دیے جبکہ سنیل نارائن چار اوورز میں 27 رنز دینے والے سب سے درست رہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔