کے ایل راہل کے شاندار 82 رنز کی بدولت لکھنؤ نے چنئی کو 8 وکٹوں سے شکست دی
لکھنؤ سپر جائنٹس نے چنئی سپر کنگز کو 8 وکٹوں سے شکست دی ۔ کے ایل راہل نے 82 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
لکھنؤ سپر جائنٹس نے چنئی سپر کنگز کو یکطرفہ انداز میں 8 وکٹوں سے شکست دے دی ۔ پہلے کھیلتے ہوئے سی ایس کے یعنی چنئی سپر کنگزنے رویندر جڈیجہ کی 57 رنز کی نصف سنچری اننگز اور آخر میں ایم ایس دھونی کی 28 رنز کی اننگز کی بدولت 176 رنز بنائے ۔ ہدف کے تعاقب میں نکلنے والی ایل ایس جی یعنی لکھنؤ سپر جائنٹس ٹیم نے شروع سے ہی اپنا تسلط برقرار رکھا۔ لکھنؤ کے دونوں اوپننگ بلے بازوں کے ایل راہل اور کوئنٹن ڈی کاک نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ ڈی کاک نے 43 گیندوں پر 54 رنز بنائے۔ وہیں راہل نے 53 گیندوں میں 82 رنز بنا کر ٹیم کی 8 وکٹوں سے جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
ڈی کاک 15ویں اوور کی آخری گیند پر آؤٹ ہوئے اور اس وقت ٹیم کا سکور 134 رنز تھا۔ لکھنؤ سپر جائنٹس کو آخری 30 گیندوں میں ابھی 43 رنز درکار تھے۔ ایک طرف راہل کریز پر کھڑے تھے تو دوسرے سرے سے نکولس پورن نے آتے ہی سی ایس کے کے گیند بازوں کو مارنا شروع کر دیا۔ اگلے 2 اوورز میں ایل ایس جی کے بلے بازوں نے 27 رنز بنائے جس کی وجہ سے میچ کا نتیجہ اب محض رسمی رہ گیا ۔ لکھنؤ کو 18 گیندوں میں 16 رنز درکار تھے۔ آخری اوورز میں گیند بلے سے ٹھیک طرح سے نہیں لگ رہی تھی جس کی وجہ سے بلے بازوں کے لیے رنز بنانا مشکل ہو رہا تھا۔ اس دوران تشار دیش پانڈے نے 19ویں اوور میں ہی 15 رنز دے کر لکھنؤ کی جیت کو یقینی بنادیا۔ نکولس پورن نے 12 گیندوں میں 23 رنز بنائے اور وننگ شاٹ مار کر ایل ایس جی کو 8 وکٹوں سے جیت دلانے میں مدد کی۔
چنئی سپر کنگز کے گیند باز میچ پر اپنی گرفت برقرار نہ رکھ سکے۔ چنئی کی جانب سے صرف مستفیض الرحمان اور متھیشا پاتھیرانا ایک ایک وکٹ لے سکے۔ سی ایس کےکے پاس دفاع کے لیے کم سکور تھا، اس لیے گیند بازوں کو وقفے وقفے سے وکٹیں لینے کی ضرورت تھی۔ لیکن رویندرا جدیجا، تشار دیشپانڈے اور دیپک چاہر بھی وکٹیں لینے میں ناکام ثابت ہوئے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔