آئی پی ایل میچ نمبر 50: راجستھان کی پنجاب پر 7 وکٹوں سے جیت، دلچسپ ہوئی ’پلے آف‘ کی ریس
بین اسٹوکس اور سنجو سیمسن کی شاندار اننگز کے دم پر راجستھان رائلز نے کنگز الیون پنجاب کو یکطرفہ طور پر سات وکٹوں سے شکست دے کر آئی پی ایل کی پلے آف ریس کو دلچسپ بنا دیا
ابوظہبی: بین اسٹوکس کے 50 ، سنجو سیمسن کے 48، کپتان اسٹیون اسمتھ کے ناٹ آؤٹ 31 اور جوس بٹلر کے ناٹ آؤٹ 22 رنوں کے دم پر راجستھان رائلز نے کنگز الیون پنجاب کو یکطرفہ طور پر سات وکٹوں سے شکست دے کر آئی پی ایل کی پلے آف ریس کو دلچسپ بنا دیا۔
پنجاب نے یونیورس باس کے نام سے مشہور کرس گیل کے آٹھ چھکوں والی 99 رن کی اننگز کی بدولت 20 اوورز میں چار وکٹوں پر 185 رن کا مضبوط اسکور بنایا لیکن راجستھان نے بہترین انداز میں ہدف کا تعاقب کیا اور 17.3 اوور میں تین وکٹ پر 186 رن بنا کر پلے آف ریس کی اپنی امیدوں کو زندہ رکھنے والی جیت حاصل کر لی۔
اس جیت سے راجستھان رائلز کے 13 میچوں میں 12 پوئنٹس ہو گئے ہیں، کنگز الیون پنجاب کے بھی اتنے ہی میچوں میں اتنے ہی پوائنٹس ہیں۔ تاہم پنجاب کی ٹیم بہتر رن ریٹ کے سبب چوتھے جبکہ راجستھان رائلز پانچویں مقام پر ہے۔
اس سے قبل 41 سالہ گیل نے عمدہ بلے بازی کی اور 63 گیندوں پر 99 رن کی اننگز میں چھ چوکے اور آٹھ چھکے لگائے۔ گیل نے ان آٹھ چھکوں کی مدد سے ٹی 20 کرکٹ میں 1000 چھکے مکمل کرنے والا پہلا کھلاڑی بننے کا شرف حاصل کیا۔ گیل کے کھاتے میں اب کل 1001 چھکے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے گیل کے بعد ٹی ٹوئنٹی میں سب سے یادہ چھکے لگانے کے معاملے میں دوسرے نمبر ویسٹ انڈیز کے ہی کییرن پولارڈ ہیں، جن کے نام 690 چھکے ہیں۔
گیل آخری اوور کی چوتھی بال پر بولڈ ہوئے اور سنچری سے چوک گئے۔ جوفرا آرچر نے جیسے ہی گیل کو بولڈ کیا تو گیل نے مایوسی ہو کر اپنا بلا میدان میں پھینک دیا۔ گیل نے آرچر کی تیسری گیند پر چھکا مارا تھا، لیکن اگلی ہی گیند پر آرچر نے گیل کو آؤٹ کر دیا۔ پویلین کی طرف لوٹ رہے گیل کے ساتھ آرچر نے ہاتھ ملایا۔
گیل نے پنجاب کے کپتان لوکیش راہل کے ساتھ دوسری وکٹ کے لئے 120 رن کی شاندار شراکت داری کی۔ راہل نے 41 گیندوں پر 46 رن میں تین چوکے اور دو چھکے لگائے۔ اس کے بعد گیل نے نیکولس پورن کے ساتھ تیسری وکٹ کے لئے 41 رن جوڑے۔ پورن نے 10 گیندوں پر 22 رنز میں تین چھکے لگائے۔
ہدف کا تعاقب کرنے اترنی راجستھان رائلز کو اسٹوکس اور اتھپا نے پہلی وکٹ کے لئے 60 رنز کا اضافہ کرکے ٹیم کو تیز شروعات دی۔ اسٹوکس کے ارشدیپ کی گیند پر اننگز کا پہلا چوکا لگانے کے بعد اس تیز گیندباز پر مزید دو چوکے لگائے۔ اتھپا نے محمد سمیع کی گیند پر چھکا لگایا۔ اسٹوکس نے لیگ اسپینر مورگن اشون کو لگاتار گیندوں میں چوکوں اور دو چھکوں سے استقبال کیا۔ بائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے کرس جارڈن کی پہلی ہی گیند کو چھ رن کے لئے بھیج کر صرف 24 گیندوں میں نصف سنچری مکمل کی۔ تاہم، اس کے بعد انہوں نے مڈ آف پر دیپک ہڈا کو ایک آسان کیچ دے دیا۔ اسٹوکس نے 26 گیندوں کی اننگز میں تین چھکے اور چھ چوکے لگائے۔ رائلز نے پاور پلے میں ایک وکٹ پر 66 رنز بنائے۔
سنجو سیمسن آتے ہی لے میں نظر آئے۔ جارڈن کی گیندوں پر چار چوکے لگانے کے بعد انہوں نے ارشدیپ کی گیند پر چھکا لگایا۔ سیمسن نے 10 ویں اوور میں روی بشنوئی کی گیند پر ایک چھکے کی مدد سے ٹیم کے 100 رنز مکمل کئے۔ اتھپا نے بھی اس کے بعد تیور دکھائے اور اپنا دوسرا چھکا اشون کی گیند پر مارا لیکن اگلی ہی گیند پر ایک بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں وہ باؤنڈری پر پورن کو کیچ دے بیٹھے۔ انہوں نے 23 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے دو چھکے اور ایک چوکا لگایا۔
سمسن بھی اس کے بعد تیز رن لینے کی کوشش میں متبادل کھلاڑی جے سوچیت کے سٹیک نشانہ کا شکار ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ انہوں نے 25 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے چار چوکے اور تین چھکے لگائے۔ رائلز کو آخری پانچ اوورز میں جیتنے کے لئے 40 رنز درکار تھے۔ بٹلر نے جارڈن کی گین پر ایک چھکے کے ساتھ دباؤ کم کیا جبکہ اسمتھ نے سمیع کے اوور میں تین چوکے لگائے۔ بٹلر نے جارڈن پر ایک چھکا لگایا اور پھر فاسٹ بولر نے وائیڈ گیند پھینک کر جیت کو راجستھان رائلز کی جھولی میں ڈلا دی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔