آئی پی ایل 2023: کولکاتا کے خلاف راجستھان کی 9 وکٹ سے یکطرفہ جیت، یشسوی نے کھیلی طوفانی 98 رن کی پاری
راجستھان کی طرف سے تیز گیندباز ٹرینٹ بولٹ (3 اوور میں 15 رن) نے شروع میں 2 وکٹیں جلدی جلدی گرا دیں، اور پھر بعد میں اسپنر یجویندر چہل (4 اوور میں 25 رن) نے 4 اہم وکٹ لے کر کولکاتا کی کمر توڑ دی۔
آج کولکاتا نائٹ رائیڈرس اور راجستھان رائلز کے درمیان لوگوں کو دلچسپ مقابلے کی امید تھی، لیکن یشسوی جیسوال کی طوفانی اور ناٹ آؤٹ 98 رنوں کی پاری نے میچ کو یکطرفہ بنا دیا۔ کولکاتا نے راجستھان کو جیت کے لیے 150 رنوں کا ہدف دیا تھا جسے سنجو سیمسن کی کپتانی والی ٹیم نے محض 1 وکٹ کے نقصان پر 13.1 اوور میں ہی حاصل کر لیا۔ 9 وکٹ کی اس جیت کے ساتھ راجستھان کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل میں تیسرے مقام پر پہنچ گئی ہے اور کولکاتا ساتویں مقام پر ہے جس کے اب پلے آف میں پہنچنے کی امیدیں تقریباً ختم ہو گئی ہیں۔ راجستھان کے 12 مچیوں میں 12 پوائنٹس ہوئے ہیں، جبکہ کولکاتا کے 12 میچوں میں 10 پوائنٹس ہی ہیں۔
آج سنجو سیمسن نے ٹاس جیت کر کولکاتا کے کپتان نتیش رانا کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی تھی۔ آج کولکاتا کی بلے بازی میں دھار بالکل بھی نظر نہیں آئی کیونکہ ونکٹیش ایر کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی 25 رن تک بھی نہیں پہنچ سکا۔ ونکٹیش نے 42 گیندوں پر 57 رن، کپتان نتیش رانا نے 17 گیندوں پر 22 رن، رحمن اللہ گرباز نے 12 گیندوں پر 18 رن اور رنکو سنگھ نے 18 گیندوں پر 16 رن کا تعاون کیا۔ باقی بلے بازوں نے 10 یا اس سے کم ہی رن بنائے۔ نتیجہ یہ ہوا کہ ٹیم 20 اوور میں 8 وکٹ کے نقصان پر 149 رن ہی بنا سکی۔
راجستھان کی طرف سے تیز گیندباز ٹرینٹ بولٹ (3 اوور میں 15 رن) نے شروع میں 2 وکٹیں جلدی جلدی گرا دیں، اور پھر بعد میں اسپنر یجویندر چہل (4 اوور میں 25 رن) نے 4 اہم وکٹ لے کر کولکاتا کی کمر توڑ دی۔ 1-1 وکٹ سندیپ شرما (4 اوور میں 34 رن) اور محمد آصف (3 اوور میں 27 رن) کو ملے۔ روی چندرن اشون آج وکٹ سے محروم رہے جنھوں نے 4 اوور میں 32 رن خرچ کیے۔ 2 اوور جو روٹ نے بھی ڈالے جس میں 14 رن دیے۔
راجستھان کی بلے بازی تو آج شروع سے ہی کمال کی رہی۔ کپتان نتیش رانا نے حیرت انگیز طور پر خود ہی پہلا اوور ڈالنے کا فیصلہ کیا اور اس اوور میں یشسوی جیسوال نے 26 رن بنا ڈالے۔ یہاں سے جو طوفانی بلے بازی یشسوی نے شروع کی تو ٹیم کو میچ جتا کر ہی دم لیا۔ پہلے تو یشسوی نے محض 13 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کر آئی پی ایل کی تاریخ کی سب سے تیز طرار نصف سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا، اور پھر 14ویں اوور کی پہلی گیند پر چوکا لگا کر ٹیم کو جیت سے ہم کنار کر دیا۔ انھوں نے محض 47 گیندوں پر 5 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 98 رن بنائے۔ دوسرے سلامی بلے باز جوس بٹلر بھلے ہی بغیر کوئی رن بنائے دوسرے ہی اوور میں رن آؤٹ ہو گئے، لیکن یشسوی کی اننگ نے اس کا ذرا بھی احساس نہیں ہونے دیا۔ یشسوی کی بلے بازی کا اثر کپتان سنجو سیمسن پر بھی دکھائی دیا جنھوں نے 29 گیندوں پر 5 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 48 رن بنائے۔ راجستھان نے 41 گیندیں باقی رہتے ہوئے ہی محض ایک وکٹ کے نقصان پر 151 رن بنا لیے۔
کولکاتا کی طرف سے سبھی گیندبازوں کا حال برا رہا، اور اس سے خراب مزید کیا ہو سکتا ہے کہ کسی بھی گیندباز کو وکٹ حاصل نہیں ہوا۔ نتیش رانا نے ایک اوور میں 26 رن، انوکول رائے نے ایک اوور میں 20 رن اور شاردل ٹھاکر نے 1.1 اوور میں 18 رن لٹا دیے۔ ہرشت رانا نے بھی 2 اوور میں 22 رن خرچ کر دیے۔ دیگر گیندبازوں کی بات کی جائے تو ورون چکرورتی نے 3 اوور میں 28 رن، سنیل نرائن نے 2 اوور میں 13 رن اور سویش شرما نے 3 اوور میں 22 رن دیے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔