آئی پی ایل 2023: چنئی اور گجرات کے درمیان خطابی جنگ، کس کا پلڑا بھاری؟
آئی پی ایل کا یہ سیزن 31 مارچ کو شروع ہوا تھا اور لیگ کا پہلا میچ چنئی سپر کنگز اور گجرات ٹائٹنز کے درمیان کھیلا گیا تھا، اب دونوں ٹیموں کے درمیان فائنل میچ بھی کھیلا جا رہا ہے۔
چنئی: آئی پی ایل 2023 کا سب سے بڑا اور فائنل میچ چنئی سپر کنگز اور گجرات ٹائٹنز کے درمیان آج یعنی اتوار 28 مئی کو کھیلا جائے گا۔ سی ایس کے اور جی ٹی کا یہ میچ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ہوگا۔ مہندر سنگھ دھونی کی قیادت میں چنئی سپر کنگز آئی پی ایل 2023 کی پہلی فائنلسٹ ٹیم قرار دی گئی تھی۔ اس کے بعد ہاردک پانڈیا کی کپتانی میں گجرات ٹائٹنز نے گزشتہ جمعہ کو کوالیفائر-2 میں ممبئی انڈینز کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔
آئی پی ایل کا یہ سیزن 31 مارچ کو شروع ہوا تھا اور لیگ کا پہلا میچ چنئی سپر کنگز اور گجرات ٹائٹنز کے درمیان کھیلا گیا تھا، اب دونوں ٹیموں کے درمیان فائنل میچ بھی کھیلا جا رہا ہے۔ دفاعی چیمپئن گجرات ٹائٹنز کو پہلے ہی فائنل کا دعویدار کہا جا رہا تھا۔ اب یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ فائنل میں کون سی ٹیم جیتتی ہے۔ اس سے قبل دونوں کے درمیان کوالیفائر-1 میں ٹاکراؤ ہوا تھا جس میں گجرات کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔
آئی پی ایل 2023 کا فائنل میچ گجرات ٹائٹنز اور چنئی سپر کنگز کے درمیان احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں آج بروز اتوار 28 مئی شام 7:30 بجے سے کھیلا جائے گا، جبکہ ٹاس شام 7:00 بجے ہوگا۔ اس میچ کو اسٹار اسپورٹس نیٹ ورک کے ذریعے ٹی وی پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔ چنئی اور گجرات کے درمیان کھیلے جانے والے آئی پی ایل 2023 کے میچ کی لائیو اسٹریمنگ جیو سنیما ایپ اور ویب سائٹ کے ذریعے مفت میں کی جائے گی۔
خیال رہے کہ آئی پی ایل میں اب تک چنئی سپر کنگز اور گجرات ٹائٹنز کے درمیان چار مرتبہ ٹاکراؤ ہوا ہے، جس میں گجرات نے 3 بار اور چنئی نے ایک بار کامیابی حاصل کی ہے۔ چنئی نے پلے آف میچ جیتا ہے، جبکہ گجرات نے لیگ مقابلے جیتے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔