آئی پی ایل 2023: پہلے میچ میں ممبئی نے کیا مایوس، دوسرے میچ میں دہلی کی بنگلور پر دھماکہ خیز فتح

دوسرا میچ رنوں کے اعتبار سے کرکٹ شیدائیوں کے لیے اچھا ثابت ہوا جہاں بنگلور نے دہلی کے سامنے جیت کے لیے 182 رنوں کا ہدف رکھا، حالانکہ اس بڑے ہدف کو دہلی نے بہت چھوٹا ثابت کر دیا۔

آئی پی ایل
آئی پی ایل
user

تنویر

آئی پی ایل میں آج ڈبل ہیڈر مقابلہ تھا جس میں پہلا میچ ممبئی اور چنئی کے درمیان کھیلا گیا، جبکہ دوسرا میچ دہلی اور بنگلور کے درمیان ہوا۔ پہلے میچ میں ممبئی نے بہت مایوس کیا کیونکہ 20 اوور میں محض 139 رن کا اسکور کھڑا کیا جسے چنئی نے بہ آسانی 17.4 اوور میں حاصل کر لیا۔ دوسرا میچ رنوں کے اعتبار سے کرکٹ شیدائیوں کے لیے اچھا ثابت ہوا جہاں بنگلور نے دہلی کے سامنے جیت کے لیے 182 رنوں کا ہدف رکھا۔ حالانکہ اس بڑے ہدف کو دہلی نے بہت چھوٹا ثابت کر دیا۔ اس نے

پہلے مقابلے میں ٹاس چنئی کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے جیتا تھا اور ممبئی کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی۔ آج ممبئی کے کپتان روہت شرما اوپننگ کے لیے نہیں آئے، لیکن کیمرون گرین کے جلدی آؤٹ ہونے کی وجہ سے انھیں دوسرے ہی اوور میں میدان پر بلے بازی کے لیے آنا پڑا۔ ان کی بدقسمتی رہی کہ وہ ایک بار پھر ناکام ہوئے اور بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ ممبئی کی طرف سے نیہال وڈھیرا نے 51 گیندوں پر 64 رن بنا کر ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی، لیکن انھیں سوریہ کمار یادو (22 گیندوں پر 26 رن) اور ٹرسٹن اسٹبس (21 گیندوں پر 20 رن) کے علاوہ کسی کا ساتھ نہیں ملا۔ ان تینوں کھلاڑیوں کے علاوہ کسی نے بھی 7 سے زیادہ رن نہیں بنائے۔ نتیجہ یہ ہوا کہ 20 اوور میں 8 وکٹ کے نقصان پر 139 رن ہی بن سکے۔ چنئی کی طرف سے مہیش پتھیرانا نے 4 اوور میں محض 15 رن دے کر 3 وکٹ حاصل کیے، جبکہ دیپک چاہر اور تشار دیشپانڈے کو 2-2 وکٹ ملے۔ ایک وکٹ رویندر جڈیجہ کے حصہ میں آیا۔


چنئی کے سلامی بلے بازوں نے اس آسان ہدف کا پیچھا تیز رفتاری کے ساتھ کیا۔ ریتوراج گائیکواڈ نے تو پویلین لوٹنے سے پہلے محض 16 گیندوں میں 30 رن بنا ڈالے۔ اجنکیا رہانے نے 17 گیندوں پر 21 رن بنائے اور ڈیوون کانوے نے 42 گیندوں پر 44 رنوں کا تعاون پیش کیا۔ اوپر کے ان تینوں بلے بازوں نے ہی جیت کا راستہ ہموار کر دیا، اور پھر بعد میں شیوم دوبے نے 18 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 26 رن بنا کر اس جیت پر مہر لگا دی۔ امباتی رائیڈو نے بھی 11 گیندوں پر 12 رن بنائے۔ 140 رنوں کا ہدف چنئی نے 4 وکٹ کے نقصان پر 17.4 اوور میں حاصل کر لیا۔ اس طرح ایک ہم میچ میں ممبئی 6 وکٹ سے ہار گئی۔

دوسرے میچ میں ٹاس بنگلور ٹیم کے کپتان فاف ڈوپلیسس نے جیتا تھا اور پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ بنگلور ایک وقت بہت خوش تھی جب ٹیم نے 20 اوور میں 4 وکٹ کے نقصان پر 181 رنوں کا اسکور کھڑا کیا۔ ٹیم کے لیے دونوں سلامی بلے بازوں وراٹ کوہلی (46 گیندوں پر 55 رن) اور فاف ڈوپلیسس (32 گیندوں پر 45 رن) نے بہترین شروعات دی تھی، لیکن گلین میکسویل بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔ حالانکہ مہیپال لومرور نے محض 29 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 54 رن بنا کر ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں لا دیا، اور پھر آخر میں انوج راوت نے 3 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 8 رن بنا کر بھی اہم تعاون پیش کیا۔ دہلی کی طرف سے محمد خلیل بہت مہنگے ثابت ہوئے جنھوں نے 4 اوور میں 45 رن دے ڈالے اور محض ایک وکٹ حاصل کیا۔ مشیل مارش کی تعریف کرنی ہوگی جنھوں نے 3 اوور میں 21 رن دے کر 2 وکٹ لیے۔ ایک وکٹ مکیش کمار کے حصے میں آیا جنھوں نے 3 اوور میں 30 رن دیے۔


دہلی کی بلے بازی جب شروع ہوئی تو امید کی جا رہی تھی کہ مقابلہ زبردست ہوگا، لیکن آج دہلی کے بلے باز کچھ الگ ہی ارادہ لے کر میدان پر اترے تھے۔ ڈیوڈ وارنر بھلے ہی 14 گیندوں پر 22 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے، لیکن سلامی بلے باز فل سالٹ نے میچ کو یکطرفہ بنا دیا۔ انھوں نے 45 گیندوں پر 6 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 87 رن بنائے۔ وہ جب آؤٹ ہوئے تو ٹیم کو جیت کے لیے محض 11 رن چاہیے تھے۔ مشیل مارش نے سالٹ کا اچھا ساتھ دیا اور 17 گیندوں پر 26 رن بنائے۔ مارش کے بعد ریلی روسو نے ان کا ساتھ دیتے ہوئے 22 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 35 رن بنائے۔ آخر میں اکشر پٹیل نے بھی 3 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 8 رن بنا کر ٹیم کی جیت میں اپنا تعاون پیش کیا۔ دہلی نے 16.4 اوور میں ہی 3 وکٹ کے نقصان پر 187 رن بنا دیے۔ بنگلور کی طرف سے کوئی بھی ایسا گیندباز نہیں رہا جس کی 8 رن فی اوور سے کم کی پٹائی ہوئی ہو۔ ان کے لیے اچھا بس یہ رہا کہ جوش ہیزل ووڈ، کرن شرما اور ہرشل پٹیل کو 1-1 وکٹ مل گئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔