’دھونی سے نفرت کرنے کے لیے آپ کو شیطان بننے کی ضرورت ہے‘، آئی پی ایل کوالیفائر سے قبل ہاردک پانڈیا کا بیان
ہاردک پانڈیا نے کہا کہ ’’میں ہمیشہ مہندر سنگھ دھونی کا شیدائی رہوں گا، ان سے نفرت کرنے کے لیے آپ کو شیطان بننا ہوگا۔‘‘
آئی پی ایل 2023 کے پہلے کوالیفائر سے پہلے گجرات ٹائٹنس کے کپتان ہاردک پانڈیا نے چنئی سپر کنگز کے کپتان مہندر سنگھ دھونی کے تئیں اپنا احترام ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ دھونی کے شیدائی رہیں گے اور ہندوستان کے سابق کپتان سے نفرت کرنے کے لیے کسی کو ایک شیطان بننے کی ضرورت ہے۔
قابل ذکر ہے کہ آج شام 7.30 بجے چیپاک میں پہلا پلے آف کھیلا جائے گا جس میں ہاردک کی کپتانی والی گجرات ٹائٹنس ٹیم کا مقابلہ دھونی کی کپتانی والی چنئی سپر کنگز ٹیم سے ہوگا۔ دونوں ٹیموں نے اپنی ٹیم میں زیادہ رد و بدل نہ کرنے والی پالیسی اختیار کی ہے اور رواں سیزن میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا ہے۔
ہاردک نے سوشل میڈیا پر گجرات ٹائٹنس کے ذریعہ پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں کہا ہے کہ ’’بہت سے لوگ سوچتے ہیں کہ ماہی سنجیدہ ہیں... اور وہ سب میرے لیے الگ ہے، میں مذاق کرتا ہوں اور میں انھیں مہندر سنگھ دھونی کی شکل میں نہیں دیکھتا۔‘‘ ہاردک نے مزید کہا کہ ’’ظاہر ہے میں نے ان سے بہت ساری چیزیں سیکھی ہیں۔ بہت ساری مثبت چیزیں میں نے ان سے صرف دیکھ کر سیکھی ہیں، مثلاً زیادہ بات نہیں کرنا۔ لیکن میرے لیے وہ صرف میرے پیارے دوست، پیارے بھائی ہیں جن کے ساتھ میں مذاق کر سکتا ہوں۔‘‘ ہاردک کا کہنا ہے کہ ’’میں ہمیشہ مہندر سنگھ دھونی کا شیدائی رہوں گا، اتنے سارے شیدائیوں اور اتنے سارے کرکٹ پریمیوں کی طرح۔ ایم ایس دھونی سے نفرت کرنے کے لیے آپ کو شیطان بننا ہوگا۔‘‘
واضح رہے کہ ہاردک کی قیادت والی گجرات ٹائٹنس نے گروپ مراحل میں اپنے 14 میچوں میں سے 10 میں جیت حاصل کی اور پوائنٹس ٹیبل میں سرفہرست رہی۔ اس ٹیم کے 20 پوائنٹس ہیں اور رَن ریٹ 0.809 رہا۔ دوسری طرف دھونی کی چنئی سپر کنگز نے اس سیزن میں اپنے 14 میچوں میں سے 8 میں جیت حاصل کی اور پوائنٹس ٹیبل میں دوسرا مقام حاصل کیا۔ اس ٹیم کے 17 پوائنٹس ہیں اور رَن ریٹ 0.652 رہا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ دونوں ٹیمیں آپس میں اب تک 3 بار آمنے سامنے ہوئی ہیں اور تینوں ہی مقابلے میں گجرات نے جیت درج کی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔