آئی پی ایل 2023: دہلی نے پنجاب کو بھی ’پلے آف‘ سے کر دیا باہر، دلچسپ مقابلے میں 15 رنوں سے ہرایا
پنجاب کی طرف سے دو گیندبازوں سیم کرن اور راہل چاہر کو چھوڑ کر باقی سبھی گیندبازوں نے فی اوور 10 سے زیادہ رن کھائے، سیم کرن واحد گیندباز رہے جنھوں نے 2 وکٹ حاصل کیے۔
آج پلے آف میں پہنچنے کی پنجاب کی امیدیں بھی ختم ہو گئیں۔ اس کا مقابلہ آج دہلی سے تھا اور دلچسپ مقابلے میں 15 رنوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پنجاب کے 13 میچ میں 12 پوائنٹس ہیں اور آخری میچ میں وہ جیت حاصل کرتی بھی ہے تو 14 پوائنٹس ہی ہوں گے اور رَن ریٹ بھی اس کا راجستھان رائلز و کولکاتا نائٹ رائیڈرس سے خراب ہے جو کہ پہلے ہی 12-12 پوائنٹس پر ہیں اور دونوں کو ہی ایک ایک میچ مزید کھیلنا ہے۔ دہلی کیپٹلز کی ٹیم پہلے ہی پلے آف سے باہر ہو چکی ہے کیونکہ 13 میچ میں اس کے 10 پوائنٹس ہوئے ہیں اور آخری میچ جیت کر بھی وہ 12 پوائنٹس تک ہی پہنچ سکتی ہے۔
آج پنجاب کنگز کے کپتان شکھر دھون نے ٹاس جیتا تھا اور پہلے گیندبازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ دہلی نے آج پرتھوی شا کو پھر موقع دیا اور اس مرتبہ وہ اپنے پورے فارم میں دکھائی دیے۔ دہلی کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے بھی اچھی بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور پرتھوی کے ساتھ 94 رنوں کی بہترین شراکت داری کی۔ وارنر نے 31 گیندوں پر 46 رن بنائے۔ پرتھوی شا 38 گیندوں پر 54 رن بنا کر پویلین لوٹے، اور پھر اس کے بعد دہلی کا کوئی وکٹ نہیں گرا۔ ریلے روسو نے آج دہلی کی طرف سے 37 گیندوں پر 82 رنوں کی ناٹ آؤٹ طوفانی بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور اسی کا نتیجہ رہا کہ مقررہ 20 اوور میں ٹیم 213 رن کا بڑا اسکور کھڑا کرنے میں کامیاب ہو سکی۔ فل سالٹ نے بھی 14 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 26 رنوں کی تیز اننگ کھیلی۔
پنجاب کی طرف سے دو گیندبازوں سیم کرن اور راہل چاہر کو چھوڑ کر باقی سبھی گیندبازوں نے فی اوور 10 سے زیادہ رن کھائے۔ سیم کرن واحد گیندباز رہے جنھوں نے 2 وکٹ حاصل کیے اور انھوں نے 4 اوور میں 36 رن دیے۔ راہل چاہر نے 4 اوور میں 35 رن خرچ کیے۔ ہرپریت برار (3 اوور میں 39 رن) اور ناتھن ایلس (4 اوور میں 46 رن) سب سے مہنگے ثابت ہوئے۔ کگیسو رباڈا نے بھی 3 اوور میں 36 رن اور عرشدیپ سنگھ نے 2 اوور میں 21 رن لٹا دیے۔
214 رن کے ہدف کا پیچھا کرنے جب پنجاب کی ٹیم اتری تو شروعات اچھی نہیں رہی کیونکہ کپتان دھون بغیر کوئی رن بنائے پہلی ہی گیند کھیلتے ہوئے آؤٹ ہو گئے۔ پھر سلامی بلے باز پربھ سمرن سنگھ بھی 19 گیندوں پر 22 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ یہاں سے اتھرو تائیڈے اور لیام لیونگسٹن نے ٹیم کو مضبوط پوزیشن پر پہنچا دیا، لیکن ایک وقت جب تائیڈے نے محسوس کیا کہ ان سے تیزی سے رن نہیں بن رہے ہیں تو 42 گیندوں پر 55 رن بنا کر ریٹائرڈ آؤٹ ہونے کا اعلان کر دیا۔ حالانکہ اس کے بعد جتیش شرما (صفر) اور شاہ رخ خان (6 رن) جلدی جلدی آؤٹ ہو گئے اور پنجاب مشکل میں آ گئی۔ 16.3 اوور میں پنجاب کا اسکور 5 وکٹ کے نقصان پر 147 رن ہو گیا۔ یعنی 21 گیندوں پر جیت کے لیے 67 رنوں کی ضرورت رہ گئی تھی۔
یہاں سے لیام لیونگسٹن نے ذمہ داری اپنے اوپر لے لی اور کئی بڑے شاٹ لگائے۔ انھیں کچھ دیر کے لیے سیم کرن کا ساتھ ملا جنھوں نے 5 گیندوں پر 11 رن بنائے۔ پھر ہرپریت برار بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔ آخری اوور میں جب ایشانت شرما نے ایک نو بال ڈالا تو جیت کے لیے 3 گیندوں پر 16 رن چاہیے تھے، یہاں پر پنجاب کی امیدیں کچھ روشن نظر آئیں کیونکہ لیونگسٹن کریز پر تھے۔ لیکن نہ ہی وہ فری ہٹ کا فائدہ اٹھا سکے اور نہ ہی اگلی گیند پر کوئی بڑا شاٹ لگا سکے۔ آخری گیند پر وہ کیچ آؤٹ بھی ہو گئے اور اس طرح 15 رنوں سے پنجاب کو شکست ہاتھ لگی۔ لیونگسٹن نے 48 گیندوں پر 94 رن بنائے۔
دہلی کی طرف سے ایسا تو نہیں کہا جائے گا کہ کسی گیندباز نے متاثر کن گیندبازی کی، لیکن خلیل احمد کی تعریف کرنی ہوگی جنھوں نے 3 اوور میں 20 رن دے کر 1 وکٹ حاصل کیا۔ قابل ذکر ہے کہ انھوں نے اپنا پہلا اوور میڈن دیا تھا۔ 2-2 وکٹ ایشانت شرما (3 اوور میں 36 رن) اور اینرک نارخیا (4 اوور میں 36 رن) نے حاصل کیے۔ 1 وکٹ 3 اوور میں 29 رن دینے والے اکشر پٹیل کو حاصل ہوا۔ 4 اوور میں 52 رن دینے والے مکیش کمار اور 3 اوور میں 21 رن دینے والے کلدیپ یادو وکٹ سے محروم رہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔