آئی پی ایل 2020: ہم نے میچ میں واپسی کی لیکن جیت نہیں سکے، راجستھان کے کپتان اسٹیو اسمتھ
آئی پی ایل 2020 کے 30ویں مقابلہ میں دہلی کیپٹلز نے راجستھان رائلز کو 13 رنز سے ہرا دیا ہے، اس ہار سے راجستھان رائلز کے کپتان اسٹیو اسمتھ کافی مایوس ہیں
ابو ظہبی: دہلی کیپٹلز اور راجستھان رائلز کے مابین بدھ کے روز آئی پی ایل 2020 کا 30 واں میچ کھیلا گیا۔ اس میچ میں دہلی نے راجستھان کو 13 رنز سے شکست دی۔ راجستھان کے کپتان اسٹیو اسمتھ اس شکست سے بہت مایوس ہیں۔ میچ کے بعد انہوں نے کہا کہ ہم نے میچ میں زبردست واپسی کی تھی لیکن ہم اسے صحیح طور پر ختم نہیں کر سکے۔
میچ کے بعد اسمتھ نے کہا، "دہلی کے خلاف ملی یہ شکست بہت مایوس کن ہے۔ ہم نے اس دبئی کی اس سست پچ پر اچھی شروعات کی۔ اسٹوکس اور جوس بٹلر نے ہمیں زبردست شروعات دی لیکن اس کے بعد ہم وکٹیں مسلسل گنوا بیٹھے۔ سیمسن اور اسٹوکس کے مابین اچھی شراکت داری قائم ہوئی لیکن وہ اسے برقرار نہیں رکھ پائے۔ بلے بازوں کو بڑی اننگز کھیلنے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔"
راجستھان رائلز کے کپتان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں اپنی بیٹنگ میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ ہم مسلسل کوشش بھی کر رہے ہیں لیکن ایسا ممکن نہیں ہو پا رہا ہے۔ ہم نے بولنگ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور دہلی کو 161 رنز تک محدود کر دیا۔ لیکن ہم اچھی شروعات کا بہتر طریقہ سے فائدہ نہیں اٹھا سکے۔
واضح رہے کہ دہلی کیپٹلز نے اس میچ میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز بنائے۔ اسی کے ساتھ ہی راجستھان کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر صرف 148 رن ہی بنا سکی۔ دہلی کے لئے، شکھر دھون نے 33 گیندوں پر 57 اور شرئیس ایر نے 43 گیندوں میں 53 رنز بنائے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔