آئی پی ایل 2020: وراٹ حیرت انگیز بلے باز ہیں... کرس مورس

کرس مورس نے کہا کہ 16 اوور کے بعد ہم صرف اپنے اسکور کو بڑھانا چاہتے تھے اور وراٹ نے جس انداز سے اننگز کھیلی اس سے پتہ چلتا ہے کہ وہ آئی پی ایل میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کیوں ہیں۔

کرس مورس، تصویر iplt20.com
کرس مورس، تصویر iplt20.com
user

یو این آئی

دبئی: رائل چیلنجرز بنگلور کے فاسٹ بولر کرس مورس نے ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ حیرت انگیز بلے باز ہیں۔ بنگلور نے ہفتے کو چنئی سپر کنگز کو 37 رنز سے شکست دی تھی۔ بنگلور نے کپتان وراٹ کے 52 گیندوں پر 90 رنز کی ناقابل شکست اننگز کی بدولت 169 رنز بنائے جس کے جواب میں چنئی کی ٹیم صرف 132 رنز ہی بنا سکی۔ آئی پی ایل 13 میں اپنا پہلا میچ کھیلتے ہوئے مورس نے اس میچ میں 19 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔

مورس نے کہا کہ ہماری اننگز کے وسط میں ہم نے محسوس کیا کہ ٹیم کو تیز اسکور کرنے کی ضرورت ہے اور وراٹ نے شاندار اننگز کھیلی۔ یہاں کی پچ ٹیسٹ میچ کی وکٹ کی طرح تھی اور آپ کو زیادہ کام کرنے کی ضرورت نہیں تھی۔ آخر میں پچ سست ہوتی جا رہی تھی اور گیند باز بلے بازوں سے زیادہ فائدہ اٹھا رہے تھے۔


انہوں نے کہا کہ 16 اوور کے بعد ہم صرف اپنے اسکور کو بڑھانا چاہتے تھے اور وراٹ نے جس انداز سے اننگز کھیلی اس سے پتہ چلتا ہے کہ وہ آئی پی ایل میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کیوں ہیں۔ وہ باصلاحیت بلے باز ہیں اور تجربہ کار بولنگ اٹیک کے سامنے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ وہ اپنی کارکردگی سے ٹیم کو متحرک کرنا پسند کرتے ہیں۔ مجھے جس طرح وہ اپنا کھیل کھیلتے ہیں بہت زیادہ پسند ہے۔ وہ کپتان ہیں جو جیتنا پسند کرتے ہیں اور اس سے ٹیم کی مدد ہوتی ہے۔

مورس نے کہا کہ میں میدان میں طویل عرصے کے بعد واپسی پر تھوڑا سا بے چین تھا۔ میرے پیٹ میں ایک عجیب سی بےچینی تھی اور میں نے محسوس کیا کہ میں ایک بار پھر ٹیسٹ کیریئر شروع کر رہا ہوں۔ لیکن میں اپنی کارکردگی سے خوش ہوں اور ٹیم کی جیت میں شراکت میں خوشی محسوس کر رہا ہوں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔