آئی پی ایل 2020: بلے بازوں نے اپنی ذمہ داری کو بخوبی انجام نہیں دیا... اسمتھ

اسمتھ کا خیال ہے کہ بلے باز ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام رہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے لیگ کی شروعات اچھی طرح سے کی تھی اور اس میچ سے پہلے ہی ہم نے دو میچ جیت لئے تھے، درمیان میں ہم اپنا راستہ بھٹک گئے۔

تصویر بشکریہ آئی پی ایل
تصویر بشکریہ آئی پی ایل
user

یو این آئی

دبئی: راجستھان رائلز کے کپتان اسٹیون اسمتھ نے شکست کی وجہ مسلسل وکٹیں گرنا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم کے بلے بازوں نے اپنی ذمہ داری کو بخوبی انجام نہیں دیا۔ انڈین پریمیر لیگ کے 13 ویں سیزن میں پلے آف کی صورتحال اب قریب قریب واضح ہوتی جا رہی ہے۔ راجستھان رائلز کی اتوار کو کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف 60 رن سے شکست کے بعد آئی پی ایل 13 میں اس کا اپنا سفر ختم ہوگیا ہے۔ اس شکست کے ساتھ ہی راجستھان رائلز کی اس سیزن میں پلے آف میں پہنچنے کی ساری امیدیں ختم ہو گئیں۔ کپتان اسمتھ نے شکست کی وجہ مسلسل وکٹیں گرنا بتایا ہے۔

راجستھان کو جیت کے لئے 192 رنز درکار تھے۔ رابن اتھپا نے پہلی گیند پر چھکا لگا کر اچھا آغاز دینے کی کوشش کی لیکن وہ پہلے ہی اوور کی آخری گیند پر بولڈ ہوگئے۔ یہاں سے راجستھان وکٹیں گنواتا رہا۔ ٹیم کا کوئی بھی بلے باز نصف سنچری اسکور نہیں کرسکا۔ اسمتھ نے کہا کہ ان کی ٹیم کا میچ میں واپسی کرنا بہت مشکل تھا۔ اسمتھ نے کہا کہ مجھے لگا تھا کہ یہ 180 رنز کی وکٹ ہے۔ یہاں تھوڑی اوس تھی۔ پاور پلے میں چار وکٹیں گنوانا بہت خراب رہا اور وہاں سے واپسی کرنا بہت مشکل تھا۔


پیٹ کمنس نے راجستھان کی شکست کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے پاور پلے میں راجستھان کے اہم بلے باز بین اسٹوکس، اتھپا، اسمتھ کو آؤٹ کیا۔ کپتان نے کہا کہ کمنس نے اچھی لینتھ پر بولنگ کی۔ ہمیں اچھی شروعات ملی لیکن اس کے بعد ہم وکٹیں گنواتے چلے گئے۔ لیگ کا اختتام بدقسمت رہا۔

اسمتھ کا خیال ہے کہ ان کے بلے باز ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام رہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے لیگ کی شروعات اچھی طرح سے کی تھی اور اس میچ سے پہلے ہی ہم نے دو میچ جیت لئے تھے۔ درمیان میں ہم اپنا راستہ بھٹک گئے۔ ہمارے بلے باز ذمہ داری نبھانے میں ناکام رہے۔ واضح رہے کہ راجستھان رائلز اس سال پوائنٹس ٹیبل کے نچلے حصے میں ہے۔ راجستھان رائلز کی ٹیم نے لیگ راؤنڈ میں کھیلے گئے 14 میں سے 6 میں کامیابی حاصل کی اور 8 میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔