آئی پی ایل 2020: بقیہ میچوں میں بھی بہترین کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں، پونٹنگ
دہلی کیپٹلز کے ہیڈ کوچ رکی پونٹنگ کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم آئی پی ایل 13 کے باقی میچوں میں بھی بہترین کرکٹ کا مظاہرہ کرنا چاہتی ہے
شارجہ: دہلی کیپٹلز کے ہیڈ کوچ رکی پونٹنگ کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم آئی پی ایل 13 کے باقی میچوں میں بھی بہترین کرکٹ کا مظاہرہ کرنا چاہتی ہے۔ دہلی نے اس سیزن میں اب تک عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور وہ 12 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں سرفہرست ہے۔ دہلی نے اپنے پچھلے میچ میں راجستھان رائلز کو شکست دی تھی اور اس کا مقابلہ ہفتہ کو چنئی سپر کنگس سے ہوگا۔
پونٹنگ نے کہا کہ میں ڈگ آؤٹ میں تھوڑا سا جذباتی ہوگیا تھا اور یہی وجہ ہے کہ ٹیم کے نتائج سے مجھے بہت زیادہ فرق پڑتا ہے۔ سب ٹیم میں سخت محنت کر رہے ہیں اور حکمت عملی اور تیاری میچ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی سے ظاہر ہوتی ہے۔ آخری میچ میں راجستھان کے خلاف آغاز بہت خراب تھا اور ہم پہلی ہی گیند پر پرتھوی شا کی وکٹ کھو بیٹھے تھے اور اس کے فورا بعد ہی اجنکیا رہانے بھی آؤٹ ہوگئے تھے۔
45 سالہ کوچ نے کہا کہ میں ہمیشہ ایک بات کھلاڑیوں سے کہتا ہوں کہ وہ خود کو زیادہ سے زیادہ کھیل میں غرق رکھیں اور جیتنے کی کوشش کریں تاکہ ہمارے پاس کھوئے ہوئے میچ میں بھی جیت کا موقع رہے اور راجستھان کے خلاف بھی یہی ہوا۔ مجھے خوشی ہے کہ جس طرح سے کھلاڑی فتح کی جنگ لڑ رہے ہیں کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ آئی پی ایل میں میچ جیتنا آسان نہیں ہے۔ ایسی صورتحال میں کھلاڑیوں کے لئے اس طرح کے نتیجے ملنا کھلاڑیوں کے لئے اچھا ہے۔
ٹیم کے پلے آف میں پہنچنے کے موقع پر انہوں نے کہا کہ اس سیزن میں موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے ہمارے پاس پلے آف میں پہنچنے کا ایک اچھا موقع ہے کیونکہ میں بہت آگے کا سوچنے والا شخص نہیں ہوں اور میں جانتا ہوں کہ آئی پی ایل میں چیزیں کتنی جلدی تبدیل ہوتی ہیں۔ ہے ہم نے پہلے دیکھا ہے کہ ٹیم نے اپنے پہلے چھ مقابلے جیت لئے ہیں لیکن وہ پلے آف میں نہیں جاسکیں ۔ مجھے اب بھی محسوس ہوتا ہے کہ آٹھ میں سے چھ میچ جیتنے کے باوجود ہم نے اب تک اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔
پونٹنگ نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے آغاز میں میں نے ایک بات کھلاڑیوں سے کہی تھی کہ ہمیں ٹورنامنٹ کے دوسرے ہاف میں بہترین کرکٹ دکھانا ہے اور سیزن کے پہلے ہاف میں یہ ضروری نہیں ہے۔ ہم اس کے لئے سخت محنت کر رہے ہیں لیکن اس وقت ہر کوئی ٹیم میں خوش ہے اور موجودہ ماحول کو دیکھتے ہوئے ہم بہت سے میچ جیت سکتے ہیں۔ ہماری توجہ اپنی حکمت عملی اور تیاری کے مطابق انجام دینے پر ہے تاکہ اس کے نتائج ہمارے حق میں ہوں۔
پونٹنگ نے کہا کہ ٹیم تین بار کی چمپئن چنئی کو ہلکے میں نہیں لے سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سیزن میں تمام ٹیموں کے خلاف ایک میچ کھیلا ہے جبکہ ہم نے راجستھان کے خلاف دو میچ کھیلے ہیں اور دوسرا میچ چنئی کے خلاف کھیلنا ہے۔ آپ اس ٹورنامنٹ میں کسی ٹیم کو ہلکے میں نہیں لے سکتے ہیں۔ پہلے دن سے چنئی ٹورنامنٹ کی بہترین ٹیم ہے اور شین واٹسن ، مہندر سنگھ دھونی ، رویندر جڈیجا اور فاف ڈو پلیسیس جیسے کھلاڑی اس میں شامل ہیں اس لئے ٹیم کو ہلکے میں نہیں لے سکتے ہیں۔
کوچ نے کہا کہ میں نے کھلاڑیوں سے کہا ہے کہ ہمیں اگلے چند میچوں میں مزید محنت کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمارے میچ چنئی اور کنگز الیون پنجاب سے ہیں اور اس صورتحال میں ہم کسی بھی ٹیم کو ہلکے میں نہیں لے سکتے۔ میرے خیال میں معاملات آسان ہو رہے ہیں اور ہمیں سخت محنت کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہم بہتر طریقوں سے آگے بڑھ سکیں۔ میرے خیال میں اگر ہم اپنی بہترین کرکٹ کھیلتے ہیں تو کسی بھی ٹیم کو ہرانا آسان ہوگا۔
پونٹنگ نے کہا کہ یہاں کی پچ تھوڑی سست ہے۔ راجستھان کے خلاف میچ کو دیکھیں تو 160 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنا ان کے لئے مشکل تھا اور یہ اس کا ثبوت ہے۔ ٹورنامنٹ کے آغاز میں ہدف کا تعاقب کرنا آسان تھا کیونکہ اوس تھی اور وکٹ پر گھاس موجود تھی۔ لیکن اس وقت ہدف کا پیچھا کرنا کچھ مشکل ہوگیا ۔ ہم نے جیتنے والے بیشتر میچ پہلے بلے بازی کرکے جیتے ہیں ۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔