آئی پی ایل 2020: کروڑوں کی قیمت والے وہ کھلاڑی جو ٹورنامنٹ میں ناکام رہے
گلین میکسویل جیسے اسٹار کرکٹر پر بھی 10 کروڑ کا داؤ لگایا گیا لیکن وہ بھی پورے سیزن اپنے بلے سے ایک چھکا تک لگانے میں ناکام رہے۔
ابو ظہبی: انڈین پریمیر لیگ کے 13 ویں سیزن میں آج سے پلے آف کی شروعات ہونے جا رہی ہے۔ ایک طرف جہاں اس سیزن میں پڈیکل، تیوتیا اور نٹراجن جیسے نوجوان کھلاڑی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر کے سرخیوں میں چھائے رہے، تو وہیں دھونی، واٹسن، میکسویل اور کمنز جیسے قدآور کھلاڑی خراب کارکردگی کے سبب ناقدین کے نشانے پر رہے۔
کمنز کو کے کے آر نے بڑی امیدوں کے ساتھ 15 کروڑ سے زیادہ کی قیمت ادا کر کے خریدا تھا لیکن وہ پورے سیزن میں اپنی قیمت کے مطابق 15 وکٹ بھی حاصل نہیں کر سکے۔ ادھر میکسویل جیسے اسٹار کرکٹر پر بھی 10 کروڑ کا داؤ لگایا گیا لیکن وہ بھی پورے سیزن اپنے بلے سے ایک چھکا تک لگانے میں ناکام رہے۔
کروڑوں قیمت والے کچھ ناکام کھلاڑی
مہندر سنگھ دھونی
دھونی کی قیادت میں سی ایس کے آئی پی ایل کی سب سے کامیاب ٹیموں میں سے ایک رہی ہے، لیکن 13 ویں سیزن میں دھونی نہ صرف کپتان کے طور پر بلکہ بطور بلے باز بھی بری طرح ناکام ثابت ہوئے۔ دھونی نے 12 اننگز میں صرف 200 رنز اسکور کیے۔ اس سیزن میں ان کی زیادہ سے زیادہ رنز کی اننگ محض 47 رن کی رہی۔
شین واٹسن
گزشتہ دو سیزنوں سے چنئی سپر کنگز کے لئے فائنل میچوں میں شین واٹسن سب سے بہترین کھلاڑی ثابت ہوئے۔ لیکن سیزن میں واٹسن بری طرف ناکام ثابت ہوئے اور وہ صرف 6 اننگز میں 30 رن ہی بنا سکے۔ اتنا ہی نہین اپنی مایوس کن کارکردگی کی وجہ سے شین واٹسن نے بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کرنے کا بھی اعلان کر دیا۔
گلین میکسویل
کنگز الیون پنجاب کو اس سیزن میں کے ایل راہل اور مینگ اگروال نے تقریباً ہر میچ میں بہترین شروعات دلائی لیکن ٹیم کا مڈل آرڈر اس کا فائدہ نہیں اٹھا پایا کیونکہ اسٹار بلے باز میکسویل بہتر فارم میں نہیں تھے۔ میکسویل کو کنگز الیون پنجاب نے پورے مواقع فراہم کیے اور وہ 13 ویں سیزن میں صرف 108 رن ہی اسکور کر پائے اور ان کے بلے سے کوئی چھکا تک نہیں نکلا۔
آندرے رسل
کے کے آر کے پہلے آف میں نہیں پہنچ پانے کی وجہ اسٹار کھلاڑی آندرے رسل کا فارم میں نہیں ہونا بھی ہے۔ 2019 کے آئی پی ایل میں رسل سب سے بڑے کھلاڑی بن کر ابھرے تھے اور انہوں نے 56.67 کی اوسط سے 510 رن اسکور کیے تھے۔ رسل نے آئی پی ایل 2020 میں 13.00 کے اوسط سے 117 رن اسکور کیے اور ان کا زیادہ سے زیادہ اسکور 25 رنز تھا۔ رسل حالانکہ 6 وکٹ لینے میں ضرور کامیاب رہے۔
پیٹ کمنز
کے کے آر نے پیٹ کمنز پر انڈین پریمیر لیگ کی تاریخ کا سب سے مہنگا داؤ لگایا تھا۔ کمنز نے پہلے 10 میچوں میں محض 3 وکٹ حاصل کیے تھے۔ اس کے بعد گزشتہ چار میچوں میں انہوں نے نو وکٹ حاصل کیے، لیکن کے کے آر کی ٹیم کو کمنز کے تاخیر سے فارم میں آنے کی قیمت 13ویں سین میں پلے آف کی ریس سے باہر ہو کر ادا کرنی پڑی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔