آئی پی ایل میچ نمبر 51: دہلی کی مسلسل چوتھی شکست، ممبئی نے پلے آف کا انتظار بڑھایا
دہلی کیپٹلز نے ممبئی انڈینز کے سامنے جیت کے لیے محض 111 رنوں کا ہدف رکھا تھا جسے اس نے پندرہویں اوور میں ہی حاصل کر لیا۔ یہ رن ممبئی نے محض ایک وکٹ کے نقصان پر بنا لیے۔
دبئی: دہلی کیپٹلس کو اپنے بلے بازوں کی مایوس کن کارکردگی کی وجہ سے ممبئی انڈینس کے ہاتھوں ہفتہ کے روز آئی پی ایل مقابلے میں 9 وکٹ سے یکطرفہ شکست کا سامنا کرنا پڑا جس سے دہلی کا پلے آف کا انتظار بڑھ گیا ہے۔
ممبئی نے دہلی کو 20 اووروں میں 9 وکٹوں پر 110 کے معمولی اسکور پر روک لیا اور پھر 14.2 اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر 111 رنز بنا کر اس آئی پی ایل میں اپنی نویں جیت حاصل کی۔ دفاعی چیمپئن ممبئی کے 13 میچوں میں 18 پوائنٹس ہوگئے ہیں اور اس کا سرفہرست دو ٹیموں میں بنے رہنا یقینی ہوگیا ہے۔
دہلی کی 13 میچوں میں یہ چھٹی شکست ہے اور اس کے کھاتے میں 14 پوائنٹس ہیں۔ ممبئی سے ملی شکست دہلی کے لیے اس ٹورنامنٹ میں مسلسل چوتھی شکست ہے۔ دہلی کو 20 اکتوبر کو کنگز الیون پنجاب نے پانچ وکٹ سے، 24 اکتوبر کو کولکاتا نائٹ رائیڈرس نے 59 رنز سے، 27 اکتوبر کو سنرائزرس حیدرآباد نے 88 رنز سے اور ممبئی انڈینز نے آج 9 وکٹوں سے شکست دی ۔ دہلی فی الحال تیسری پوزیشن پر ہے اور اسے پلے آف کے لئے رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف پیر کے روز ہونے والے مقابلے کا انتظار کرنا ہوگا۔
بہر حال، آج کے میچ میں ممبئی کے لئے جیت کا ہدف مشکل نہیں تھا اور اس کے بلے بازوں نے اسے آسانی سے حاصل کرلیا۔ دہلی کے گیندبازوں کے پاس دفاع کرنے کے لئے کچھ نہیں تھا ۔ اس شکست کی وجہ سے دہلی کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے اور ان کا نیٹ رن ریٹ پلس سے مائنس میں چلا گیا ہے جو آخر میں اسے بھاری پڑسکتا ہے۔
ایشان کشن اور کوئنٹن ڈی کاک نے پہلی وکٹ کے لئے 10.2 اوورز میں 68 رنز کی ٹھوس شراکت کے ساتھ ممبئی کو جیت کی راہ پر گامزن کیا۔ انریچ نورٹجے نے ڈی کاک کو بولڈ کیا۔ ڈی کاک نے 28 گیندوں پر 28 رنز میں دو چوکے لگائے۔
شاندار فارم میں کھیل رہے ایشان کشن نے سوریہ کمار یادو کے ساتھ ممبئی کو آسان جیت دلائی۔ ایشان نے 72 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز میں آٹھ چوکے اور تین چھکے لگائے جبکہ سوریہ کمار یادو نے 11 گیندوں میں 12 رنز کی اننگ میں ایک چوکا لگایا ۔ ایشان نے ممبئی کے لئے جیت کا چھکا لگایا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔