آئی پی ایل میچ نمبر 48: ممبئی اور بنگلور کے درمیان زور آزمائی آج، ایک کا پلےآف میں پہنچنا طے

دونوں ٹیموں کے درمیان ایک مقابلہ 28 ستمبر کو ہو چکا ہے جب دونوں ہی ٹیموں نے 201 رنز بنائے تھے۔ اس کے بعد بنگلور نے سپر اوور میں میچ جیت لیا تھا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ابوظہبی: ممبئی انڈینز اور رائل چیلنجرس بنگلور کا بدھ کو آئی پی ایل میں زبردست مقابلہ متوقع ہے اور اس میچ سے ایک ٹیم کا نام طے ہو جائے گا جو پہلے پلے آف میں پہنچے گی۔ ممبئی اس وقت گیارہ میچوں میں سات جیت، چار شکست اور 14 پوائنٹس کے ساتھ آئی پی ایل کی ٹیبل میں سرفہرست ہے جبکہ بنگلور کی بھی یہی صورتحال ہے لیکن ممبئی پہلے اور بنگلور رن ریٹ کی بنیاد پر تیسرے نمبر پر ہے۔ ممبئی اور بنگلور کے مابین میچ میں جو بھی ٹیم جیتتی ہے وہ 16 پوائنٹس پر پہنچ جائے گی اور پلے آف کو یقینی بنائے گی۔

ممبئی اور بنگلور اپنے پچھلے ​​میچ ہارنے کے بعد اس میچ میں جارہے ہیں۔ ابوظہبی میں اتوار کے روز ممبئی کو راجستھان رائلز نے آٹھ وکٹوں اور دبئی میں بنگلور کو چنئی سپر کنگز نے آٹھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔ یہ میچ دونوں ٹیموں کے لئے بہت اہم ہے کیونکہ ہارنے والی ٹیم کو اپنے باقی دو میچوں میں سے ایک میں کامیابی کے لئے سخت چیلنج کا سامنا کرنا پڑے گا۔


ممبئی کے لئے باقاعدہ کپتان روہت شرما کی انجری ایک پریشانی ہوسکتی ہے۔ تاہم روہت کی چوٹ کے بارے میں اب بھی الجھن ہے۔ روہت کی ٹیم ممبئی انڈینز نے اپنے کپتان کی پریکٹس کرنے کی ویڈیو جاری کی ہے جب کہ بورڈ آف کنٹرول برائے کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے روہت کو نومبر، جنوری میں آئندہ آسٹریلیا کے دورے کے لئے ٹی ٹوئنٹی، ون ڈے اور ٹیسٹ تینوں میں جگہ نہیں دی ہے روہت ہیمسٹرنگ انجری کی وجہ سے اپنی ٹیم کے آخری دو میچوں سے محروم ہوگئے جس میں ممبئی نے کیرون پولارڈ کی کپتانی میں چنئی کو 10 وکٹوں سے شکست دی، لیکن راجستھان سے آٹھ وکٹوں سے ہار گیا۔

ممبئی نے راجستھان کے خلاف 195 کا مضبوط اسکور بنایا لیکن راجستھان نے 18.2 اوور میں 196 رنز بنا کر میچ جیت لیا۔ دفاعی چمپیئن ممبئی کو یہ میچ وراٹ کوہلی کی قیادت میں بنگلور کی ٹیم کے خلاف جیتنا ہوگا۔ بنگلور بلاشبہ پچھلا میچ ہار گیا ہے لیکن یہ ٹیم اس سیزن میں زبردست فارم میں نظر آرہی ہے۔ پچھلے میچ میں بنگلور نے 145 رنز بنائے تھے جبکہ چنئی نے 150 رنز بنا کر میچ جیت لیا تھا۔ وراٹ کوہلی نے میچ کے بعد کہا کہ ٹورنامنٹ میں تمام ٹیموں کے اچھے کھلاڑی موجود ہیں اور دیکھنا یہ ہے کہ میچ کے دن کون بہتر کارکردگی دکھا سکتا ہے۔ بنگلور ٹیم بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے اور ہم اگلے کھیل میں ضرور واپس آئیں گے۔


دونوں ٹیموں کا 28 ستمبر کو میچ تھا اور اس میچ میں دونوں ٹیموں نے 201 رنز بنائے تھے۔ اس کے بعد بنگلور نے سپر اوور میں میچ جیتا۔ اے بی ڈویلیئرز نے 55 رنز بنائے تھے اور سپر اوور میں بھی ٹیم کو جتایا تھا۔ ابوظہبی میں دونوں ٹیموں کے مابین یہ میچ یقینی طور پر دلچسپ ہوگا اور دونوں ٹیمیں پلے آف میں جگہ یقینی بنانے کے لئے اتریں گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔