آئی پی ایل 2020: گیندبازی کے دَم پر کوہلی کی ٹیم 10 رنوں سے فتحیاب، حیدر آباد حیران
حیدر آباد کے بلے باز جانی بیرسٹو اور منیش پانڈے نے دوسرے وکٹ کے لیے بہترین شراکت داری کی تھی، لیکن اس کے بعد مزید کوئی بلے باز اچھی کارکردگی پیش نہیں کر سکا۔
رائل چیلنجرس بنگلورو (آر سی بی) اور سنرائزرس حیدر آباد (ایس آر ایچ) کے درمیان آئی پی ایل 2020 کے تیسرے میچ میں ایک وقت ایسا لگ رہا تھا جیسے حیدر آباد کی ٹیم فتحیاب ہو جائے گی، لیکن اچانک حالات کچھ اس طرح بدل گئے کہ آخر میں وراٹ کوہلی کی ٹیم یعنی بنگلور 10 رن سے فاتح قرار پائی۔ اس شکست سے جہاں حیدر آباد کے کپتان ڈیوڈ وارنر حیران ہوں گے، وہیں اپنے گیندبازوں کی بہترین کارکردگی سے وراٹ کوہلی کافی خوش ہوں گے۔
حیدر آباد کی طرف سے حالانکہ کپتان ڈیوڈ وارنر محض 6 رن بنا کر جلدی آؤٹ ہو گئے تھے لیکن جانی بیرسٹو اور منیش پانڈے نے بہترین شراکت داری کی تھی منیش پانڈے جب 12ویں اوور میں 34 رن بنا کر آؤٹ ہوئے تھے تو ٹیم کا اسکور 89 رن تھا۔ اس کے بعد جانی بیرسٹو نے کافی دھواں دھار بلے بازی کی اور محض 43 گیندوں میں 61 رن بنا لیے، لیکن 16ویں اوور کی دوسری گیند پر وہ اسپنر یجویندر چہل کا شکار بن گئے۔ قابل غور بات یہ ہے کہ منیش پانڈے کا بھی وقت چہل نے ہی لیا تھا۔ لیکن ان دونوں کے وکٹ سے چہل کی پیاس نہیں بجھی اور بیرسٹو کے آؤٹ ہونے کے بعد میدان پر اترے وجے شنکر کو پہلی ہی گیند پر انھوں نے آؤٹ کر دیا۔ یہاں سے پھر حیدر آباد کی ٹیم تاش کے پتے کی طرح بکھر گئی۔ کوئی بھی کھلاڑی دوسرے ہندسے تک نہیں پہنچ سکا، صرف پریم گرگ نے 12 رن بنائے۔
بنگلور کی جانب سے یجویندر چہل نے 4 اوور میں محض 18 رن دے کر 3 وکٹ لیے، نودیپ سینی نے 4 اوور میں 24 رن دے کر 2 وکٹ لیے، شیوم دوبے نے 3 اوور میں 15 رن دے کر 2 وکٹ لیے اور ڈیل اسٹین نے 3.4 اوور میں 33 رن دے کر ایک وکٹ حاصل کیا۔ اومیش یادو آج کافی مہنگے ثابت ہوئے اور انھوں نے 4 اوور میں 48 رن خرچ کر ایک بھی وکٹ نہیں لیا۔ واشنگٹن سندر کو ایک اوور کرنے کا موقع ملا اور انھوں نے 7 رن خرچ کیے۔
اس سے قبل آر سی بی کی طرف سے سلامی بلے باز دیودت پڈکل نے شروع سے ہی بہترین بلے بازی کی اور دوسری طرف فنچ نے ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ پڈکل نے 42 گیند میں 56 رن بنائے اور شنکر کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد اگلے ہی اوور کی پہلی گیند پر فنچ بھی 29 گیندوں پر 27 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ دونوں نے آر سی بی کو اچھی شروعات دی تھی لیکن اس کے بعد کپتان وراٹ کوہلی زیادہ دیر تک میدان میں نہیں ٹک سکے۔ انھوں نے 13 گیند میں 14 رن بنائے اور نٹراجن کی گیند پر راشد خان کو کیچ دے دیا۔
وراٹ کے آؤٹ ہونے کے بعد اے بی ڈیویلیرس نے تیزی کے ساتھ رن بنانے کا ذمہ سنبھالا اور بیسویں اوور میں انھوں نے اپنی نصف سنچری بھی پوری کر لی۔ لیکن فوراً ہی وہ 51 رن (30 گیندوں پر) بنا کر رَن آؤٹ ہو گئے۔ آخری اوور میں شیوم دوبے بھی 7 رن بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔ اس طرح آر سی بی کی ٹیم 20 اوور میں 163 رن ہی بنانے میں کامیاب ہوئی۔
جہاں تک حیدر آباد کی گیندبازی کا سوال ہے، بھونیشور کمار نے سب سے کفایتی گیندبازی کرتے ہوئے 4 اوور میں 25 رن دیے، حالانکہ انھیں کوئی وکٹ نہیں ملا۔ نٹراجن (4 اوور 34 رن)، شنکر (1.2 اوور 14 رن) اور ابھشیک شرما (2 اوور 16 رن) کو ایک ایک وکٹ حاصل ہوا۔ راشد خان نے 4 اوور میں 31 رن دیے جب کہ سندیپ شرما نے 4 اوور میں 36 رن دے دیے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔