آئی پی ایل 2020: دہلی کو شکست دینا مشکل ہے، ہار کے بعد وراٹ کوہلی کا بیان

کوہلی نے دہلی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دہلی بہت اچھی کرکٹ کھیل رہی ہے۔ ان کے بلے باز اور گیند باز لاجواب ہیں۔ اچھے اسپنرز ہیں۔ میں یہ نہیں کہوں گا کہ ان کو شکست نہیں دی جا سکتی، لیکن مشکل ضرور ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

دبئی: دہلی کیپٹلز (ڈی سی) کے خلاف شکست کے بعد رائل چیلنجرس بنگلور (آر سی بی) کے کپتان وراٹ کوہلی نے کہا ہے کہ ٹیم عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے، لیکن اہم لمحات میں اسے تھوڑا زیادہ پیشہ ورانہ رویہ اختیار کرنا ہوگا۔ خیال رہے کہ دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں دہلی نے بنگلور کو 59 رنز سے شکست دی ہے۔ دہلی نے بنگلور کے سامنے 197 رنز کا ہدف رکھا تھا، جو کوہلی کی ٹیم حاصل نہیں کر سکی۔

میچ کے بعد کوہلی نے کہا کہ ’’نتیجہ ہمارے حق میں نہیں گیا۔ ہمیں اہم لمحوں میں فائدہ اٹھانا ہوگا۔ ہم حکمت عملی کو عملی جامہ پہنانے میں زیادہ موثر ثابت نہیں ہو پا رہے ہیں۔ اچھی بات یہ ہے کہ ہم پانچ میں سے تین میچ جیت چکے ہیں۔ ہم جانتے ہیں کہ ہم اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ ہمیں صرف بڑے مواقع پر تھوڑا سا زیادہ پیشہ ور ہونا پڑے گا۔‘‘


کوہلی نے کہا کہ ’’ہدف کا تعاقب کرنے اور اسے حاصل کرنے پر بحث ہوئی تھی کہ ہمیں ایک بڑی شراکت کی ضرورت ہے۔ میدان پر اوس موجود تھی، ایسی صورت حال میں جب آپ کے پاس آخری 10 اوورز میں آٹھ وکٹیں موجود ہیں، پھر میچ آپ کے حق میں ہے، چاہے 100 رنز ہی درکار کیوں نہ ہوں۔‘‘

کوہلی نے اس موقع پر دہلی کی بھی تعریف کی اور کہا کہ ’’دہلی بہت اچھی کرکٹ کھیل رہی ہے۔ ان کے بلے باز لاجواب ہیں۔ ان کے پاس اچھے گیند باز بھی ہیں، اچھے اسپنرز ہیں۔ میں یہ نہیں کہوں گا کہ ان کو شکست نہیں دی جا سکتی، لیکن ان کو شکست دینا مشکل ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔