آئی پی ایل 2020: فائنل کے لئے حیدرآباد اور دہلی کی ٹیمیں کریں گی مقابلہ، وراٹ کا خواب پھر چکناچور

سن رائزرز حیدرآباد نے رائل چیلنجرز بنگلورو کو آئی پی ایل کے ایلیمینٹر میں جمعہ کو 6 وکٹ سے ہراکر کوالیفائر دو میں جگہ بنالی جہاں اس کا مقابلہ آٹھ نومبر کو دہلی کیپٹلز سے ہوگا

آئی پی ایل 2020: فائنل کے لئے حیدرآباد اور دہلی کی ٹیمیں کریں گی مقابلہ، وراٹ کا خواب پھر چکناچور
آئی پی ایل 2020: فائنل کے لئے حیدرآباد اور دہلی کی ٹیمیں کریں گی مقابلہ، وراٹ کا خواب پھر چکناچور
user

یو این آئی

ابوظبی: سن رائزرز حیدرآباد نے رائل چیلنجرز بنگلورو کو آئی پی ایل کے ایلیمینٹر میں جمعہ کو چھ وکٹ سے ہراکر کوالیفائر دو میں جگہ بنالی جہاں اس کا مقابلہ آٹھ نومبر کو دہلی کیپٹلز سے ہوگا۔ حیدرآباد نے بنگلورو کو بیس اوور میں سات وکٹ پر 131 رن کے اسکور پر روکا اور کچھ نازک لمحات سے گذرتے ہوئے 19.4 اوور میں چار وکٹ پر 132 رن بناکر دلچسپ جیت حاصل کر لی۔ اس شکست کے ساتھ ہی وراٹ کوہلی کی بنگلورو ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی اور وراٹ کا مسلسل آٹھویں سال اپنی کپتانی میں خطاب سے ہاتھ خالی رہ گئے۔

حیدرآباد کے لئے تجربہ کار کین ولیمس کی ناٹ آؤٹ 50 رن کی شاندار نصف سنچری اننگ کھیلی اور آل راؤنڈر جیسن ہولڈر (25 رن پر تین وکٹ اور ناٹ آؤٹ 24) نے شاندار مظاہرہ کیا۔ حیدرآباد کا آٹھ نومبر کو ابوظبی میں ہی ہونے والے دوسرے کوالیفائر میں دہلی کیپٹلز کے ساتھ مقابلہ ہوگا اور اس مقابلے کی فاتح ٹیم دس نومبر کو فائنل میں گزشتہ چیمپین ممبئی انڈینز سے مقابلہ کرے گی۔

قبل ازیں، وارنر نے اس آئی پی ایل میں گیارہویں بار ٹاس جیتا اور فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ہولڈر نے اپنے کپتان کے فیصلے کو صحیح ثابت کرتے ہوئے بنگلورو کے کپتان وراٹ کوہلی اور دیو دت پڈیکل کو پندرہ رن کے اسکور تک پویلین بھیج کربنگلورو کو ابتدا سے ہی بیک فٹ پر دھکیل دیا۔ اے بی ڈویلیئرز نے یکطرفہ جدودجہد کرتے ہوئے 43 گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے سب سے زیادہ 56 رن بنائے اور اٹھارہویں اوور میں جاکر آؤٹ ہوئے۔

آرون فنچ نے تیس گیندوں پر بتیس رن میں تین چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ فنچ اور ڈویلیرز نے تیسرے وکٹ کے لئے اکتالیس کی شراکت کی۔ بنگلورو کی اننگ میں یہ سب سے بڑی شراکت رہی۔ وراٹ نے کل اپنی سالگرہ منائی تھی لیکن اپنی سالگرہ کے اگلے دن وہ سات گیندوں میں چھ رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ہولڈر کی گیند پر وراٹ کا کیچ وکٹ کیپر شری واستو گوسوامی نے لپکا۔ پڈیکل نے ایک رن بنایا اور ان کا کیچ پریم گرگ نے لپکا۔


گزشتہ میچ کے مین آف دی میچ لفٹ آرم اسپنر شہباز ندیم نے فنچ کا شکارکیا جبکہ معین علی کھاتہ کھولے بغیر ہٹ پر رن آؤٹ ہوئے۔ شیوم دوبے نے آٹھ رن بنا کر ہولڈر کا تیسرا شکار بنے۔ واشنگٹن سندر پانچ رن بناکر ٹی نٹراجن کے گیند پر آؤٹ ہوئے۔ڈویلئرز نے سولہویں اوور کی آخری گیند پر چوکا لگا کر اس سیشن کا اپنا پانچواں اور آئی پی ایل میں اپنی اڑتیسویں نصف سنچری مکمل کی۔

نٹراجن اٹھارہویں اوور میں ڈویلیرز کوبولڈ کیا۔ نودیپ سینی نے ناٹ آؤٹ نو اور محمد سراج نے ناٹ آؤٹ دس رن بنا کر بنگلورو کو 131 تک پہنچایا۔ دونوں نے ایک ایک چوکا لگایا۔ ہولڈر نے 25 رن پر تین وکٹ، نٹراجن نے تینتیس رن پر دو وکٹ اور ندیم نے تیس رن پر ایک وکٹ لیا۔

ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے حیدرآباد کی ابتدا اچھی نہیں رہی۔ زخمی ردھیمن ساہا کی جگہ لائے گئے شری وتسو گوسوامی کھاتہ کھولے بغیرمحمد ریاض کے پہلے ہی اوور میں وکٹ کیپر اے بی ڈویلیر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ کپتان ڈیوڈ وارنر اور منیش پانڈے نے دوسرے وکٹ کے لئے اکتالیس رن کی شراکت داری کی۔ سراج نے چھٹے اوور میں وارنر کو وکٹ کے پیچھے اے بی ڈویلیئرز کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔ وارنر نے سترہ گیندوں پر سترہ رن پر تین چوکے لگائے۔

کپتان وراٹ کوہلی نے مڈل آووروں میں اپنے اسپنروں کے دم پر حیدرآباد پر شکنجہ کس دیا۔ حیدرآباد کے بلے بازوں کے لئے رن بنانے مشکل ہونے لگے۔ لیگ اسپنر ایدم جمپا نے بہت ہی محتاط گیند بازی کی۔ جمپا نے اپنے چار اوور میں محض بارہ رن دے کر منیش پانڈیا کا وکٹ لیا۔ پانڈیا نے اکیس گیندوں پر چوبیس رن میں تین چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ پانڈیا کا وکٹ پچپن کے اسکور پر گرا۔


پریم گرگ چودہ گیندوں میں سات رن بنا کر لیگ اسپنر یوجندر چہل کا شکار بن گئے۔ گرگ ٹیم کے سڑسٹھ کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ چار وکٹ گر جانے کے بعد کین ولیمسن اور جیسن ہولڈر نے مورچہ سنبھالا اور اسکور بورڈ کو بڑھانا جاری رکھا۔

ولیمسن نے چہل کی اننگ کے سولہویں اوور کی آخری گیند پر چھکا مار کر کچھ دباؤ کم کیا۔ ولیمسن نے اگلے اوور میں شیوم دوبے پر چوکا مارا۔ حیدرآباد کو اب آخری تین اوور میں چاہئے تھے اٹھائیس رن۔ ولیمسن نے اٹھارہویں اوور میں نودیپ سینی کی گیند کو وکٹ کے پیچھے چوکے کے لئے نکال دیا۔ حیدرآباد کو آخری دو اووروں میں اٹھارہ رن چاہئے تھے اورمیچ دلچسپ ہوتاجارہا تھا۔

ہولڈر نے انیسویں اوور میں سراج کی دوسری اننگ پر چوکا ماردیا۔ آخری اوور میں صورت حال نو رن کی رہ گئی۔ کہہ پانا مشکل تھا کہ میچ کس کے حق میں جائے گا۔ ولیمسن نے بیسویں اوور کی پہلی گیند پر سنگل لے کر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ دوسری گیند ڈاٹ رہی۔ ہولڈر نے تیسری گیند پر چوکا لگایا اور پھر اگلی گیند پر چوکا مار کر میچ ختم کردیا۔ ہولڈر نے فاتحانہ شاٹ مارنے کے بعد ولیمسن کو گلے لگایا اور حیدرآباد کا پورا خیمہ خوشی سے جھوم اٹھا۔

ولیمسن نے چوالیس گیندوں میں ناٹ آؤٹ پچاس رن میں دو چوکے اور دو چھکے لگائے۔ جبکہ ہولڈر نے بیس گیندوں پر ناٹ آؤٹ چوبیس رن میں تین چوکے لگائے۔ ولیمسن اور ہولڈر نے پانچویں وکٹ کےلئے پینسٹھ رن کی شراکت داری کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔