آئی پی ایل 2020 ایلیمنیٹر: حیدر آباد نے بنگلور کو کیا باہر، دلچسپ مقابلہ میں 6 وکٹ سے جیت
رائل چیلنجرس بنگلور نے سنرائزرس حیدر آباد کو جیت کے لیے 132 رنوں کا ہدف دیا تھا۔ اس چھوٹے اسکور کو حاصل کرنے میں بھی حیدر آباد کے پسینے چھوٹ گئے اور جیت 19.4 اوور میں حاصل ہوئی۔
چھوٹے اسکور والے انتہائی دلچسپ مقابلے میں حیدر آباد نے بنگلور کو 6 وکٹ سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کا راستہ دکھا دیا ہے۔ آئی پی ایل 2020 کے ایلیمنیٹر مقابلے میں سنرائزرس حیدر آباد کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے ٹاس جیت کر گیندبازی کا فیصلہ کیا تھا اور رائل چیلنجرس بنگلور نے 20 اوور میں 7 وکٹ کے نقصان پر 131 رن بنائے۔ اس چھوٹے اسکور کو دیکھ کر ایسا لگ رہا تھا کہ حیدر آباد بہ آسانی جیت جائے گی، لیکن بنگلور کے گیندبازوں نے بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور جب حیدر آباد کو جیت حاصل ہوئی تو محض 2 گیندیں باقی رہ گئی تھیں۔ 132 رنوں کا ہدف حیدر آباد نے 4 وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
پہلے بلے بازی کرتے ہوئے بنگلور کی شروعات اچھی نہیں رہی کیونکہ سلامی بلے باز کے طور پر ٹورنامنٹ میں پہلی بار میدان میں اترے کپتان وراٹ کوہلی محض 6 رن بنا کر جیسن ہولڈر کا شکار بن گئے، اور پھر آئی پی ایل سیزن 13 میں اپنی بلے بازی سے سبھی کو متاثر کرنے والے دیودت پڈیکل بھی محض 1 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد ایرون فنچ اور اے بی ڈیویلیرس نے پاری کو سنبھالنے کی کوشش کی، لیکن فنچ جب 32 رن پر تھے تو اسپن گیندباز شہباز ندیم نے انھیں عبدالصمد کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔ اس وقت ٹیم کا اسکور 10.2 اوور میں 3 وکٹ کے نقصان پر محض 56 رن تھا۔ حیدر آباد کے گیندباز بہت کفایتی گیندبازی کر رہے تھے اس لیے بلے باز کافی دباؤ میں نظر آ رہے تھے۔
بنگلور کے لیے مشکل یہ رہی کہ ایک طرف تو اے بی ڈیولیرس اپنا وکٹ بچا کر دھیرے دھیرے رن بنا رہے تھے، لیکن دوسری طرف وکٹ گرنے کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا تھا۔ معین علی بغیر کوئی رن بنائے رن آؤٹ ہو گئے، شیوم دوبے بھی محض 8 رن بنا سکے، اور واشنگٹن سندر بھی بڑا شاٹ مارنے کی کوشش میں 5 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ٹیم کا اسکور 17.1 اوور میں 6 وکٹ کے نقصان پر 111 رن ہو گیا۔ رنوں کی رفتار بڑھ نہیں پا رہی تھی اور بنگلور کو زبردست جھٹکا تب لگا جب اٹھارہویں اوور کی پانچویں گیند پر نٹراجن نے ڈیویلیرس کو اپنی بہترین یارکر سے بولڈ کر دیا۔ اس کے بعد نودیپ سینی نے 8 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 9 رن اور محمد سراج نے 7 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 10 رن بنا کر ٹیم کا اسکور 131 رن تک پہنچایا۔
جیسن ہولڈر آج حیدر آباد کی جانب سے سب سے کامیاب گیندباز رہے جنھوں نے 4 اوور میں 25 رن دے کر 3 وکٹ لیے۔ 2 وکٹ نٹراجن (4 اوور میں 33 رن) کو اور 1 وکٹ شہباز ندیم (4 اوور میں 30 رن) کو حاصل ہوا۔ راشد خان آج کوئی وکٹ نہیں لے سکے، لیکن 4 اوور میں محض 22 رن دے کر بلے بازوں پر کافی دباؤ بنایا۔ سندیپ شرما کو بھی کوئی وکٹ نہیں ملا جنھوں نے 4 اوور میں محض 21 رن دیے۔
چھوٹے اسکور کا پیچھا کرنے اتری حیدر آباد کی شروعات بھی بہت اچھی نہیں رہی کیونکہ شریوتس گوسوامی بغیر کوئی رن بنائے محمد سراج کا شکار بن گئے۔ دوسرا وکٹ بھی محمد سراج نے ہی کپتان ڈیوڈ وارنر کا لیا جس کے بعد میچ میں بنگلور کی بہترین واپسی ہوئی۔ حالانکہ ایک وقت ایسا ضرور آیا تھا جب منیش پانڈے اور کین ولیمسن نے حیدر آباد کی اننگ کو اچھی طرح سنبھال لیا تھا، لیکن ایڈم زمپا نے منیش پانڈے کو 24 رن کے انفرادی اسکور پر آؤٹ کر کے اس شراکت داری کو توڑ دیا۔ اس وقت ٹیم کا اسکور 8.3 اوور میں 3 وکٹ کے نقصان پر 55 رن تھا۔ جلد ہی پریم گرگ بھی 7 رن کے انفرادی اسکور پر یجویندر چہل کا شکار بن گئے۔
اس کے بعد ولیمسن اور جیسن ہولڈر دھیرے دھیرے اسکور بورڈ آگے بڑھاتے رہے اور وکٹ گرنے کے سلسلہ کو روک دیا۔ پھر آخر کے اوور میں جب رن ریٹ زیادہ ہو گیا تو ولیمس نے دو لگاتار اووروں میں 2 چھکے لگا کر دباؤ کو کم کیا۔ نودیپ سینی نے اٹھارہویں اوور میں اور محمد سراج نے انیسویں اوور میں بہت کفایتی گیندبازی کی جس کی وجہ سے آخری اوور میں جیت کے لیے 9 رن بنانے تھے۔ اس وقت میچ بہت دلچسپ موڑ پر تھا اور شروع کے دو گیندوں پر جب ایک رن بنے تو سبھی کی سانسیں رک گئی تھیں۔ لیکن تیسری اور چوتھی گیند پر دو لگاتار چوکے لگا کر جیسن ہولڈر نے جیت حیدر آباد کے نام کر دیا۔ کین ولیمسن نے 44 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 50 رن اور ہولڈر نے 20 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 24 رن بنائے۔
بنگلور کی طرف سے محمد سراج سب سے کامیاب گیندباز رہے جنھوں نے 4 اوور میں 28 رن دے کر 2 وکٹ لیے۔ 1-1 وکٹ ایڈم زیمپا اور یجویندر چہل نے لیے جنھوں نے 4-4 اوور میں بالترتیب 12 اور 24 رن دیے۔ دیگر 4 گیندبازوں کو کوئی وکٹ حاصل نہیں ہوا۔ نودیپ سینی نے 3.4 اوور میں 31 رن، واشنگٹن سندر نے 2 اوور میں 21 رن، معین علی نے 1 اوور میں 4 رن، اور شیوم دوبے نے 1 اوور میں 7 رن دیے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔