آئی پی ایل 2020: دھونی نے حیرت انگیز چھلانگ لگاکر کیچ لپکا، ایک بار پھر ثابت کی فٹنس، ویڈیو دیکھیں

دھونی نے ایسا حیرت انگیز کیچ پکڑا ہے کہ شائقین اس کی ویڈیو شئیر کرنے سے خود کو روک نہیں پا رہے، انہوں نے اس کیچ سے ایک بار پھر فٹنس سے متعلق سوالوں کا جواب بھی دے دیا ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

ابو ظہبی: ٹیم انڈیا کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی نے خواہ بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہہ دیا ہو لیکن آئی پی ایل میں وہ لگاتار اپنی فٹنس کو ظاہر کر رہے ہیں۔ وکٹ کے پیچھے مہندر سنگھ دھونی ہر میچ میں حیرت انگیز کیچ پکڑ رہے ہیں۔ کے کے آر کے خلاف میچ میں بھی دھونی نے یہ تسلسل جاری رکھا اور آخری اوور میں دائیں طرف ڈائیو لگاتے ہوئے شاندار کیچ لپکا۔

کے کے آر کے آخری اوور میں بریوو نے فل لینٹھ کی آف اسٹمپ سے باہر کی طرف گیند پھینکی۔ اس گیند پر شیوم ماوی کے بیٹ کا بیرونی کنارہ لگا اور گیند وکٹ کے پیچھے کی طرف چلی گئی۔ دھونی نے پہلے ہی ایسے کیچ کے لئے دائیں ہاتھ کا دستانہ اتار کر خود کو تیار کرلیا تھا۔ جیسے ہی گیند آئی دھونی نے چھلانگ لگاکر اسے روک لیا اور ہوا میں ڈائیو لگاتے ہوئے کیچ لپک لیا۔


دھونی کے اس کیچ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ کیچ کے حوالہ سے دھونی نے نہ صرف اپنی ذہانت کا مظاہرہ کیا بلکہ ایک بار پھر یہ بھی ثابت کیا ہے کہ کم از کم ابھی تو ان کی فٹنس پر سوال نہیں کھڑے کئے جا سکتے۔

دھونی نے اس زبردست کیچ سے آئی پی ایل میں ایک تاریخ بھی رقم کی ہے اور وہ آئی پی ایل میں سب سے زیادہ کیچ لینے والے وکٹ کیپر بن گئے ہیں۔ دھونی نے کے کے آر کے کپتان دنیش کارتک کے 103 کیچز کا ریکارڈ توڑ دیا اور یہ ریکارڈ اپنے نام کیا۔ خیلا رہے کہ دھونی اور کارتک ہی اسے دو وکٹ کیپر ہیں جنہوں نے آئی پی ایل میں 100 سے زیادہ کیچز لپکے ہیں۔


دھونی حالانکہ بلے بازی کے دوران اپنی ٹیم سی ایس کے کو جیت دلانے میں ناکام رہے۔ کے کے آر نے اس میچ میں جیت کے لئے سی ایس کے کے سامنے 168 رنز کا ہدف رکھا تھا لیکن سی ایس کے 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز ہی بنا سکی اور آخر میں ٹیم کو 10 رن سے ہار کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ چھ میچوں میں سی ایس کے کی چوتھی شکست ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔