آئی پی ایل 2020: دہلی کیپٹلز سرفہرست آنے اور راجستھان رائلز واپسی کے ارادے سے اترے گی
دہلی پانچ میچوں میں چار جیت اور ایک شکست کے ساتھ ٹیبل پر آٹھ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ راجستھان پانچ میچوں میں دو جیت اور تین شکستوں کے بعد چار پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے
شارجہ: دہلی کیپٹلز اور راجستھان رائلز کے مابین آئی پی ایل میں جمعہ کو کھیلے جانے والے میچ میں جیت کے ساتھ دہلی ٹیبل میں سرفہرست مقام حاصل کرنے اور راجستھان جیت کی پٹری پر واپسی کرنے کے ارادے سے میدان میں اترے گی۔
دہلی پانچ میچوں میں چار جیت اور ایک شکست کے ساتھ ٹیبل پر آٹھ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ راجستھان پانچ میچوں میں دو جیت اور تین شکستوں کے بعد چار پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے۔ شارجہ کے چھوٹے گراؤنڈ میں دونوں ٹیموں کے مابین مقابلہ زبردست ہوگا اور میچ کا فیصلہ بڑے اسکور پر مبنی ہوگا۔
شارجہ کے گراؤنڈ میں اب تک بہت بڑے اسکور ہوئے ہیں اور اس گراؤنڈ پر پہلی سات اننگز میں 200 سے زیادہ کااسکور بنا ہے ۔ دہلی اور راجستھان دونوں نے اس گراؤنڈ پر 200 سے اوپر کا اسکور حاصل کیا ہے۔ راجستھان نے اس گراؤنڈ پر 216 اور 223 رن بنائے ہیں جبکہ دہلی نے 228 رنز بنائے ہیں جو ٹورنامنٹ کا اب تک کا سب سے زیادہ اسکور ہے۔
دہلی اور راجستھان کا ٹورنامنٹ میں یہ پہلا مقابلہ ہوگا۔ دہلی نے اپنے پچھلے میچ میں رائل چیلنجرز بنگلور کو 59 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی تھی۔ بنگلور کو مارکس اسٹوینس (ناٹ آؤٹ 53) ، اوپنر پرتھوی شا (42) اور وکٹ کیپر رشبھ پنت (37)اور فاسٹ بالر کیگسو ربادا (24 رن دے کر چار وکٹ) نے یکطرفہ شکست دی تھی ۔دہلی نے 196 رنز بنانے کے بعد بنگلور کو 9 وکٹ پر 137 رنز تک محدود کردیا تھا۔ دہلی بالنگ اور بیٹنگ دونوں لحاظ سے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے۔
راجستھان کو اپنے آخری میچ میں ممبئی انڈینز کے ہاتھوں پانچ سال کے طویل وقفے کے بعد شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ممبئی نے 193 رنز کا بڑا اسکور بنایا جبکہ راجستھان 18.1 اوورز میں 136 رنز پر ڈھیر ہوگیا۔ راجستھان کے لئے جوس بٹلر نے سب سے زیادہ 70 رن بنائے تھے اور دیگر تمام بلے باز فلاپ ہوئے تھے۔
اس شکست کے باوجود راجستھان رائلز کے کپتان اسٹیون اسمتھ نے کہا تھا کہ مسلسل شکستوں کے باوجود ٹیم کے حامیوں کو اس وقت گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ اسمتھ نے کہا تھا کہ مجھے نہیں لگتا کہ ہمیں ابھی اتنا گھبرانے کی ضرورت ہے۔ ہمیں صرف اپنے منصوبے پر عملدرآمد کرنے اور طویل عرصے تک اچھی کرکٹ کھیلنے کی ضرورت ہے۔ ہم پچھلے تین میچوں میں اپنے منصوبوں کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے ہیں اور ہمیں جلد سے جلد واپس آنا ہوگا۔
اسمتھ نے کہا تھا کہ میرے خیال میں ابتدائی وکٹ کھونا ہمارے لئے فائدہ مند نہیں تھا۔ ہمیں پچھلے تین میچوں سے اچھی شروعات نہیں ملی ہے۔ جوس بٹلر اور جوفرا آرچر کو چھوڑ کر ہمیں بیٹنگ پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔