آئی پی ایل 2020: دہلی کیپٹلز کے لیے بری خبر، ایشانت شرما ٹورنامنٹ سے باہر
دہلی کیپٹلز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 7 اکتوبر کو دبئی میں ٹیم پریکٹس سیشن کے دوران ایشانت کو بائیں پسلی میں شدید درد ہوا تھا۔ تفتیش کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ اندرونی عضلات میں کھنچاؤ ہوا ہے۔
دبئی: دہلی کیپٹلز کے تیز گیندباز ایشانت شرما اپنی بائیں پسلی میں چوٹ کی وجہ سے آئی پی ایل-13 سے باہر ہوگئے ہیں۔ دہلی کیپٹلز نے پیر کو ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 7 اکتوبر کو دبئی میں ٹیم پریکٹس سیشن کے دوران ایشانت کو بائیں پسلی میں شدید درد ہوا تھا۔ تفتیش کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ اندرونی عضلات میں کھنچاؤ ہوا ہے۔ اس چوٹ کی وجہ سے ایشانت آئی پی ایل کی باقی ماندہ سیزن سے باہر ہو گئے ہیں ۔
دہلی کیپٹلز نے کہا ہے کہ ٹیم میں ہر ایک کو امید ہے کہ ایشانت جلد صحت یاب ہوجائیں گے۔ ایشانت نے رواں سیزن میں اپنی ٹیم کے لئے صرف ایک میچ کھیلا تھا اور ابوظبی میں انہوں نے سنرائزرس حیدرآباد کے خلاف میچ میں 26 رنز دے کر کوئی وکٹ حاصل نہیں کی تھی۔
32 سالہ ایشانت دہلی کیپٹلز کے لئے آئی پی ایل سے باہر ہونے والے دوسرے کھلاڑی ہیں۔ اس سے قبل لیگ اسپنر امت مشرا انگلی کی انجری کے سبب آئی پی ایل سے باہر ہوگئے تھے۔ فرنچائز نے آئی پی ایل کی گورننگ کونسل کو خط لکھ کر ایشانت کی جگہ متبادل لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
ٹیم انڈیا کے لئے 97 ٹیسٹ اور 80 ون ڈے میچ کھیل چکے ایشانت انجری کے سبب ٹیم سے باہر ہوگئے ہیں۔ اس سال جنوری میں وہ ٹخنے کی انجری کے باعث ایک ماہ کے لئے ٹیم سے باہر تھے۔ اس کے بعد انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران ایک بار پھر ٹخنے کو زخمی کر لیا۔ ایشانت نے آئی پی ایل میں 89 میچوں میں 71 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔