’کلر‘ ملر نے گجرات ٹائٹنز کو آئی پی ایل2022کے فائنل میں پہنچایا
راجستھان نے کوالیفائر میں جوس بٹلر 89رنز کی شاندار اننگز کی بدولت چھ وکٹ پر 188 کا مضبوط اسکور بنایا لیکن گجرات نے 19.3 اوور میں تین وکٹ پر 191 رنز بنا کر فائنل میں جگہ بنالی۔
’کلر ملر‘ کے نام سے مشہور ڈیوڈ ملر (ناٹ آؤٹ 68) نے آخری اوور کی پہلی تین گیندوں پر تین چھکے لگا کر گجرات ٹائٹنز کو راجستھان رائلز کے خلاف سات وکٹوں سے جیت دلائی اور 2022کے آئی پی ایل کے فائنل میں جگہ بنا لی۔
راجستھان نے کوالیفائر میں ان فارم انگلینڈ کے جارح بلے باز جوس بٹلر 89رنز کی شاندار اننگز کی بدولت چھ وکٹ پر 188 کا مضبوط اسکور بنایا لیکن گجرات نے 19.3 اوور میں تین وکٹ پر 191 رنز بنا کر فائنل میں جگہ بنالی۔ ملر نے 38 گیندوں پر دھواں دار ناٹ آؤٹ 68 رنز میں تین چوکے اور پانچ فلک بوس چھکے لگائے۔
واضح رہے پہلے کھیلتے ہوئے فارم میں چل رہے جوس بٹلر کی 89 رن کی شاندار اننگز کی بدولت راجستھان رائلز نے آئی پی ایل کے پہلے کوالیفائر میں گجرات ٹائٹنز کے خلاف چھ وکٹ پر 188 رن بنائے۔
ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بٹلر نے 56 گیندوں کی اننگز میں 12 چوکے اور دو چھکے لگائے۔ بٹلر اننگز کے آخری اوور کی پانچویں گیند پر آؤٹ ہوئے۔ اس اننگز کے ساتھ انہوں نے ٹورنامنٹ میں 700 رنز مکمل کرتے ہوئے اپنے رنز کی تعداد 718 کرلی ہے۔ کپتان سنجو سیمسن نے 26 گیندوں میں پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 47 رنز بنائے۔ دیودت پڈیکل نے 20 گیندوں پر 28 رنز میں دو چوکے اور دو چھکے لگائے۔ 11 اضافی رنز بشمول 10 وائیڈز نے بھی راجستھان کے اسکور میں اہم کردار ادا کیا۔
راجستھان کی اننگز کو دو حصوں میں پرکھا جا سکتا ہے۔ پہلا حصہ جہاں گیند بٹلر کے بلے سے نہیں لگ رہی تھی۔ اس دوران پہلے سنجو سیمسن اور پھر دیو دت پڈیکل نے تیز رفتاری سے رنز بنائے اور دباؤ بننے نہیں دیا۔ اس کے بعد جب بٹلر کا بیٹ چلا توگیندیں باؤنڈری لائن سے باہر جاتی نظر آئی۔ اپنے پرانے حریف راشد کو احتیاط سے کھیلنے کے علاوہ باقی تمام گیند بازوں کو اپنا شکار بنایا۔ 56 گیندوں پر 89 رنز بنا کر انہوں نے بتایا کہ اورنج کیپ ان کے سر پر کیوں براجمان ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔