گجرات ٹائٹنز کی لگاتار دوسری جیت، دہلی کو 6 وکٹوں سے دی شکست

گجرات کے سائی سدرشن نے ڈیوڈ ملر کے ساتھ مل کر 5ویں وکٹ کے لیے 56 رنز کی تیز شراکت داری کرکے ٹیم کو جیت دلائی۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر آئی اے این ایس</p></div>

تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

آئی پی ایل کے 16ویں سیزن کا ساتواں میچ دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں دہلی کیپٹلس اور گجرات ٹائٹنز کے درمیان کھیلا گیا جس میں میں دفاعی چیمپئن گجرات ٹائٹنز کی ٹیم نے جیت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے دہلی کے خلاف 6 وکٹوں سے میچ جیت لیا۔ گجرات کی ٹیم کو دہلی کی جانب سے 163 رنز کا ہدف دیا گیا تھا جسے اس نے 18.1 اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اس میچ میں سائی سدرشن نے گجرات کی جیت میں بلے سے اہم کردار ادا کیا۔

163 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ریدھیمان ساہا اور شبمن گل کی جوڑی اس میچ میں گجرات ٹائٹنز کی ٹیم کو اچھی شروعات نہ دے سکی۔ گجرات کی ٹیم کو پہلا دھچکا 22 کے سکور پر ریدھیمان ساہا کی صورت میں لگا جو 14 رنز بنا کر اینریک نورکھیا کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ اس کے بعد 36 کے اسکور پر گجرات کی ٹیم کو ایک اور جھٹکا شبمن گل کی صورت میں لگا جب کہ 54 کے اسکور پر ٹیم نے ہاردک پانڈیا کی وکٹ بھی گنوا دی۔ پہلے 6 اوورز میں 3 اہم وکٹیں گنوانے کے بعد گجرات ٹائٹنز ٹیم کی اننگز کو سائی سدرشن اور وجے شنکر نے سنبھالا، جنہیں امپیکٹ پلیئرز کے طور پر شامل کیا گیا تھا، انہوں نے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ وجے شنکر اس میچ میں 23 گیندوں میں 29 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد سائی سدرشن نے ڈیوڈ ملر کے ساتھ مل کر 5ویں وکٹ کے لیے 56 رنز کی تیز شراکت داری کرکے ٹیم کو جیت دلائی۔


سائی سدرشن نے اس میچ میں 48 گیندوں پر 62 رنز کی شاندار ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ ڈیوڈ ملر کے بلے سے 16 گیندوں میں 31 رنز کی ناقابل شکست اننگز دیکھنے کو ملی۔ دہلی کی جانب سے اس میچ میں نورکھیا نے 2 جبکہ مچل مارش اور خلیل احمد نے 1-1 وکٹ حاصل کی۔

اس میچ میں دہلی کیپٹلز کی ٹیم کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی گئی جس کے بعد دہلی کی جانب سے اوپننگ میں اترنے والی پرتھوی شا اور کپتان ڈیوڈ وارنر کی جوڑی ایک بار پھر ٹیم کو اچھی شروعات نہ دے سکی۔ دہلی کی ٹیم کو پہلا جھٹکا 29 کے سکور پر شا کی صورت میں لگا جو صرف 7 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد 37 کے سکور پر ٹیم کو دوسرا جھٹکا مچل مارش کی صورت میں لگا، وہ ایک بار پھر بلے سے کچھ خاص نہ کر سکے۔


دہلی کیپٹلز ٹیم کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے سرفراز خان کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 30 رنز کی شراکت داری کی جس کے بعد وارنر 32 گیندوں پر 37 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ دہلی کی ٹیم کو 67 کے اسکور پر چوتھا جھٹکا ریلی روسو کی صورت میں لگا جو کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔ یہاں سے سرفراز خان اور ابھیشیک پورل کی جوڑی نے اسکور کو 100 سے آگے لے گئی۔ اپنا پہلا آئی پی ایل میچ کھیل رہے پورل 11 گیندوں میں 20 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

آخری اوور میں بیٹنگ کرنے آئے اکشر پٹیل نے 2 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 22 گیندوں میں ناقابل شکست 36 رنز بنا کر ٹیم کے اسکور کو 20 اوورز میں 162 تک لے جانے میں اہم کردار ادا کیا۔ گجرات کی جانب سے اس میچ میں بولنگ میں راشد خان اور محمد شامی نے 3-3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ الزاری جوزف نے بھی 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔