چنئی نے کوالیفائر میں گجرات کو شکست دی، ریکارڈ 10ویں بار فائنل میں جگہ بنائی
گجرات کو دوسرے کوالیفائر کے طور پر فائنل میں پہنچنے کا ایک اور موقع ملے گا، جہاں اس کا مقابلہ لکھنؤ سپر جائنٹس یا ممبئی انڈینز سے ہوگا۔
چنئی سپر کنگز نے رتوراج گائیکواڑ (44 گیندوں، 60 رنز) کی شاندار نصف سنچری اور رویندر جڈیجہ (22 رنز، 2 وکٹ) کی آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کےکو الیفائر 1 میں منگل کو گجرات ٹائٹنز کو 15 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔چنئی نے گجرات کے سامنے 173 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں گجرات اننگز کی آخری گیند پر 157 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔
چیپاک کی پچ پر جہاں دیگر بلے باز ایک جدوجہد کر تے نظر آئے، وہیں اوپنر گائیکواڑ نے 44 گیندوں پر سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 60 رن بنا کر چنئی کی جیت کا راستہ آسان کر دیا۔ چھٹے نمبر پر بیٹنگ کرنے آئے جڈیجہ نے 16 گیندوں پر 22 رنز بنا کر ٹیم کو مضبوط اسکور تک پہنچایا۔
یہ اسکور گجرات کے لیے بہت بڑا ثابت ہوا۔ جدیجہ نے گجرات کو درمیانی اووروں میں رن کے لیے ترسادیا اور اپنے چار اوورز میں محض 18 رنز دے کر دو وکٹ لیے۔ مہیش تیکشنا نے ان کا بخوبی ساتھ دیا اور چار اوورز میں 28 رنز دے کر دو کامیابیاں حاصل کیں۔ راشد خان (30 رنز، 16 گیندوں) نے کچھ اچھے شاٹس کھیل کر جدو جہد کی، حالانکہ یہ گجرات کی جیت پر مہر لگانے کے لیے کافی نہیں تھا۔
چنئی ریکارڈ 10ویں بار آئی پی ایل کے فائنل میں پہنچی ہے جہاں وہ 28 مئی کو پانچویں بار خطاب جیتنے کے لیے اپنا دعویٰ پیش کرے گی۔ گجرات کو دوسرے کوالیفائر کے طور پر فائنل میں پہنچنے کا ایک اور موقع ملے گا، جہاں اس کا مقابلہ لکھنؤ سپر جائنٹس یا ممبئی انڈینز سے ہوگا۔
گجرات نے ٹاس جیت کر بالنگ کرتے ہوئے محمد سمیع کے دم پر سدھی ہوئی شروعات کی۔ اپنا آئی پی ایل میچ کھیل رہے درشن نالکنڈے نے دوسرے ہی اوور میں گائیکواڑ کو کیچ آؤٹ کرا دیا، حالانکہ یہ گیند نو بال ہونے کی وجہ سے چنئی کے بلے باز کو نئی زندگی مل گئی۔
نئی زندگی ملنے کے بعد، گائیکواڑ نے اس اوور میں ایک چھکا اور ایک چوکا لگا کر اپنی فارم دوبارہ حاصل کی۔ دوسرے سرے پر کھڑے کونوے نے اپنے ہاتھ کھولنے میں وقت لیا، وہیں گائیکواڑ نے جارحانہ انداز اپنایا اور پاور پلے میں چنئی کو 49 رنز تک لے گئے۔
گائیکواڑ اور کونوے کے درمیان پہلے وکٹ کے لیے 87 رنز کی ٹھوس شراکت داری ہوئی جسے موہت شرما نے گائیکواڑ کا وکٹ لے کر توڑا۔ گائیکواڑ نے 44 گیندوں میں سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 60 رنز بنائے، حالانکہ ان کا وکٹ گرتے ہی چنئی کی اننگز سست پڑ گئی۔ نور احمد نے شیوم دوبے کو ایک رن کے اسکور پر آؤٹ کیا۔ آخری اوورز کی طرف بڑھتے ہوئے اجنکیا رہانے (10 گیندیں، 17 رنز) رن ریٹ بڑھانا چاہا لیکن وہ اگلی ہی گیند پر درشن کو چھکا لگانے کے بعد کیچ آؤٹ ہوگئے۔ کونوے نے 34 گیندوں پر 40 رنز کی اننگز کھیلی اور ان کی جدوجہد کا خاتمہ راشد خان نے کیا۔
چنئی نے 10 اووروں میں 85 رن بنائے تھے لیکن وکٹوں کے مسلسل گرنے کی وجہ سے وہ 17 اوورز میں صرف 137/4 تک ہی پہنچ سکی۔ چنئی نے اگلے تین اووروں میں تین وکٹ گنوا دیے، حالانکہ وہ بلے بازوں کی جدوجہد کی وجہ سے 35 رنز کا اضافہ کر سکے۔ رائیڈو نے نو گیندوں پر 17 رنز بنائے جبکہ رویندر جڈیجہ نے 16 گیندوں پر 22 رنز بنائے۔ معین علی چار گیندوں پر نو اہم رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے جبکہ چنئی نے 20 اوورز میں 172/7 کا اسکور بنایا۔
عام طور پر گجرات کو تیز شروعات فراہم کرانے والے ردھیمان ساہا اور شبمن گل کی اوپننگ جوڑی ، یہاں ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے جارحیت نہیں دکھا سکی۔ ساہا تیسرے اوور میں 11 گیندوں پر 12 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، جب کہ تیکشنا نے پاور پلے کے اختتام سے قبل ہاردک پانڈیا کو پویلین لوٹا دیا۔
گجرات پاور پلے میں محض 41 رن ہی بنا سکی اور جڈیجہ-تیکشنا کی نظم و ضبط والی گیند بازی نے ان کے لیے معاملات کو مزید مشکل بنا دیا۔ بڑھتے ہوئے دباؤ میں، داسن شناکا نے تیکشنا پر چوکا اور ایک چھکا لگایا، حالانکہ وہ جڈیجہ کے خلاف بڑا شاٹ مارنے کی کوشش میں آؤٹ ہو گئے۔ دو اوور بعد جڈیجہ نے ڈیوڈ ملر کو آؤٹ کر دیا۔
وکٹ گرنے کے دوران، گِل گجرات کے لیے امید کی کرن بن کر پچ پر کھڑے تھے۔ دیپک چاہر نے 13ویں اوور میں ا ن کا قیمتی وکٹ حاصل کیا۔ گِل نے 38 گیندوں میں محض 42 رنز بنائے جبکہ راہل تیوتیا بھی تیکشانا کا شکار ہونے سے پہلے صرف تین رنز بنا سکے۔
گجرات کے چھ وکٹ پر 98 کےاسکور کے بعد چنئی کی جیت تقریباً یقینی ہو گئی تھی۔ آخری اوورز میں راشد نے کچھ اچھے شاٹس کھیل کر گجرات کا مقابلہ کیا۔ راشد نے 16 گیندوں پر تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 30 رنز بناتے ہوئے وجے شنکر (10 گیندوں، 14 رنز) کے ساتھ ساتویں وکٹ کے لیے 38 رنز کی شراکت داری کی۔ 19ویں اوور میں راشد کا وکٹ گرتے ہیں گجرات کی جد و جہد ختم ہوگئی۔ متھیشا پتھیرانا نے محمد سمیع کا وکٹ لے کر گجرات کی اننگز کا باضابطہ طور پر خاتمہ کیا کیونکہ چنئی کے ساتھ آئی پی ایل کے فائنل میں داخلہ کیا۔ جڈیجہ اور تیکشنا کے علاوہ چاہر اور پتھیرانا نے بھی دو دو وکٹ حاصل کئے جبکہ تشار دیش پانڈے نے ایک وکٹ حاصل کیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔