امیٹھی سے کانگریس امیدوار کشوری لال شرما کا انٹرویو- ’عوام سے گہرا تعلق میری جیت کی راہ ہموار کرے گا‘
کشوری لال شرما نے کہا، ’’لوگوں کو احساس ہے کہ بی جے پی ان کے لئے زیادہ کچھ نہیں کر سکتی۔ لوگوں سے پوچھیں کہ موجودہ رکن پارلیمنٹ نے ان کے لئے کیا کیا؟ وہ کہیں گے کہ 2019 میں ان سے غلطی ہوئی تھی‘‘
امیٹھی کے امیدوار کشوری لال شرما تین دہائیوں سے زیادہ عرصے سے رائے بریلی میں ہیں اور 1983 سے اس وقت سے امیٹھی سیٹ سے وابستہ ہیں، جب انہوں نے سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کے ساتھ نوجوانوں کے پروگرام کے تحت کام کرنا شروع کیا تھا۔
پنجاب کے لدھیانہ سے تعلق رکھنے والے کشوری راجیو گاندھی کے لیے امیٹھی لوک سبھا سیٹ کی دیکھ بھال کرتے تھے، جنہوں نے اس سیٹ پر چار مرتبہ 1981، 1984، 1989 اور 1991 (بعد از مرگ) جیت حاصل کی تھی۔ اس کے بعد انہوں نے کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی کے ساتھ کام کیا، جس سے 1999 میں ریکارڈ جیت حاصل ہوئی۔ جب وہ راہل گاندھی کے لیے سیٹ چھوڑ کر 2004 میں رائے بریلی منتقل ہوئیں تو شرما نے دونوں سیٹوں کے امور کی ذمہ داری سنبھال لی۔ انہوں نے 2013 میں سی پی جوشی کے ساتھ بہار کے انچارج کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔
شرما کا خیال ہے کہ یہی تعلق انہیں امیٹھی سیٹ جیتنے میں مدد دے گا۔ شرما نے نیشنل ہیرالڈ سے بات کرتے ہوئے کہا، ’’میں نے یہاں 40 سال سے کام کیا ہے، تو یہاں کے لوگوں سے میرا گہرا تعلق ہو لازمی ہے؟ یہاں کے لوگ مجھے اپنے خاندان کا حصہ سمجھتے ہیں۔ میں انہی میں سے ایک ہوں۔‘‘
63 سالہ شرما کے لیے انتخابی مہم کوئی نئی بات نہیں ہے۔ اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ وہ گاندھیوں اور سب کے لئے کام کرتے ہیں، شرما نے کہا، ’’اس مرتبہ میں اپنے لئے مہم چلا رہا ہوں اور اس میں کچھ زیادہ فرق نہیں ہے۔ اس وقت بھی اور آج بھی میں اکیلا نہیں ہوں۔ ہمارے پاس بہت سے لوگ ہیں جو ہمارے لئے مہم چلا رہے ہیں اور گاندھیوں نے سماج وادی پارٹی کے اکھلیش یادو کے ساتھ بھی امیٹھی میں ایک جلسہ عام میں شرکت کی۔‘‘
شرما کا کہنا ہے کہ ایک ٹیم ہے جو ان کی مہم کے انتظامات دیکھتی ہے۔ ان میں سے کچھ نے بہت سارے انتخابات کو سنبھالا ہے۔ شرما نے کہا ’’نہ تو یہ سب کچھ ہمارے لئے نیا ہے اور نہ ہی میں یہاں کے لئے نیا ہوں۔ مجھے یہاں کے لوگوں نے بہت پذیرائی بخشی ہے۔ پہلے وہ مجھے سونیا گاندھی کے عوامی نمائندے کے طور پر جانتے تھے۔ تب بھی میں یہاں تھا اور اب بھی میں یہاں کے لوگوں کے لیے کام کرنے جا رہا ہوں۔‘‘
ان کی امیدواری کا اعلان نامزدگی کے آخری دن (3 مئی) کو کیا گیا تھا اور ان کے پاس مہم چلانے کے لیے صرف 15 دن تھے۔ شرما نے کہا، ’’میں زیادہ سے زیادہ لوگوں سے ملنے کی کوشش کر رہا ہوں۔ ٹیم میں بہت سے لوگ ہیں جو کئی کام سنبھال رہے ہیں اور اب سب کچھ ٹھیک ہے۔‘‘ امیٹھی میں انتخابات کے پانچویں مرحلے میں 20 مئی کو پولنگ ہے اور انتخابی مہم 18 مئی کو ختم ہوگی۔
تاہم، انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اس بار کا الیکشن 2019 کے عام انتخابات سے بالکل مختلف ہے۔ ان کے مطابق جو بھی مسائل ہیں پہلے ہی ان کا احاطہ کر لیا گیا ہے اور اس بار کانگریس امیٹھی اور رائے بریلی دونوں سیٹوں پر کامیابی حاصل کرے گی۔
شرما نے آخر میں کہا، ’’اس کے علاوہ، لوگوں نے یہ بھی محسوس کیا ہے کہ بی جے پی ان کے لئے بہت کچھ نہیں کر سکتی۔ موجودہ رکن پارلیمنٹ نے عوام کے لیے کیا کیا ہے؟ یہاں کے لوگوں سے پوچھیں۔ وہ صرف یہی بولیں گے کہ انہوں نے 2019 میں غلطی کی ہے۔ یہ کانگریس کا گڑھ رہا ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔