دنیا بھر میں کورونا وائرس: 11,248 اموات، اٹلی نے چین کو پیچھے چھوڑا
ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ کے مطابق چین کے بعد اٹلی میں جان لیوا وائرس وسیع پیمانہ پر پھیل چکا ہے۔ اٹلی میں کورونا وائرس کی وجہ سے اب تک 4032 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 47021 لوگ اس وائرس سےمتاثرہ ہیں۔
بیجنگ/ جنیوا، نئی دہلی: دنیا کے 168 ممالک میں پھیل چکے کورونا وائرس (كووڈ 19) رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے اور اب تک اس خطرناک وائرس سے 11,248 افراد کی موت ہو چکی ہے جبکہ تقریباً 269482 افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔
ہندوستان میں بھی کورونا وائرس پھیلتا جا رہا ہے اور اب تک اس سے متاثرین کی تعداد بڑھ کر 258 ہو گئی ہے۔ پنجاب کے نواں شہر میں ایک شخص کی موت سے ملک میں کورونا وائرس سے کل چار افراد کی موت ہوچکی ہے۔ جبکہ کرناٹک، دہلی اور مہاراشٹر میں ایک ایک شخص کی موت ہوئی تھی۔
وزارت صحت نے ہفتہ کو بتایا کہ ملک میں کورونا وائرس کے 258 کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے جن میں سے 219 مریض ہندوستانی جبکہ 39 غیر ملکی شہری ہیں۔ کورونا وائرس سے متاثر 23 افراد علاج کے بعد صحت مند ہو چکے ہیں۔ خیال رہے اب بھی اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر چین کے لوگ ہی ہیں تاہم راحت کی بات یہ ہے کہ ووہان میں گزشتہ تین دن سے کوئی معاملہ سامنے نہیں آیا ہے۔ اس وائرس کو لے کر تیار کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق چین میں ہونے والی اموات کے 80 فیصد کیسز 60 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کے تھے۔ چین میں 81008 افراد کے وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے اور تقریباً 3255 افراد کی اس وائرس کے زد میں آنے کے بعد موت ہوئی ہے۔
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران چین میں کورونا وائرس سے سات اور دنیا بھر میں 1008 افراد کی موت ہوئی ہے۔ چین میں اب تک 3255 لوگوں کی اس وائرس کی وجہ موت ہوئی ہے۔ کورونا وائرس سے اب تک مغربی بحرالکاہل خطہ میں 3405، یوروپی خطہ میں 4899، جنوب مشرقی ایشیائی خطہ میں 31، مغربی ایشیائی خطہ میں 1312، امریکہ کے نزدیک پڑنے والے علاقوں میں 178 اور افریقی علاقے میں آٹھ افراد کی موت ہوئی ہے۔
اس کے علاوہ یہ وائرس دنیا کے 180 سے زائد ممالک میں پھیل چکا ہے۔ چین کے علاوہ کورونا وائرس نے اٹلی، ایران، اسپین، امریکہ اور جنوبی کوریا سمیت دنیا کے کئی اور ممالک كو اپنی گرفت میں لے لیا ہے۔ اس وائرس کے نصف سے زائد کیس اب چین کے باہر کے ہیں۔ ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ کے مطابق چین کے بعد اٹلی میں جان لیوا وائرس وسیع پیمانہ پر پھیل چکا ہے۔ اٹلی میں کورونا وائرس کی وجہ سے اب تک 4032 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 47021 لوگ اس وائرس سےمتاثرہ ہیں۔ دنیا کے کچھ دوسرے ممالک میں بھی صورت حال انتہائی سنگین بتائی جا رہی ہے۔
عرب ممالک اور ایران میں بھی کورونا وائرس کا قہر جاری ہے۔ ایران میں اس وائرس کی زد میں آکر ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 1433 ہو چکی ہے جبکہ 19644 افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ اٹلی اور ایران کے ساتھ اسپین میں بھی کورونا وائرس نے اپنا قہر برپا کيا ہے۔ اسپین میں کورونا وائرس سے اب تک 1002 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 19980 لوگ اس سے متاثر ہوئے ہیں۔ جنوبی کوریا میں مرنے والوں کی تعداد 102 تک پہنچ چکی ہے جبکہ 8799 لوگ اس سے متاثر ہوئے ہیں۔
چینی شہریوں کی اچھی خاصی تعداد والے ملک امریکہ میں بھی یہ بیماری بڑے پیمانے پر پھیل چکی ہے۔ امریکہ میں کورونا وائرس سے اب تک 249 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 19285 لوگ اس سے متاثرہ ہوئے ہیں۔ امریکہ نے پہلے ہی کورونا وائرس وبا کی وجہ سے ملک میں قومی ایمرجنسی قرار دے دیا۔ اس سے امریکہ کی ریاستوں اور دیگر علاقوں میں کورونا وائرس وبا سے نمٹنے کے لئے وفاقی فنڈ سے حکومت کو 50 ارب ڈالر کی رقم ملے گی۔
پڑوسی ملک پاکستان میں بھی کورونا وائرس کا اثر زیادہ ہے۔ وہاں اب تک 461 لوگوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔ بنگلہ دیش میں ابھی تک 20 افراد کے وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کی گئی ہے جبکہ اس سے متاثرہ ایک شخص کی موت ہو چکی ہے۔ سری لنکا میں 70 لوگوں میں انفیکشن کی تصدیق ہو چکی ہے، نیپال میں اب تک صرف اس متاثرہ شخص کا پتہ چلا تھا جس کے ٹھیک ہونے کے بعد اس کی چھٹی بھی دے دی گئی تھی جبکہ افغانستان میں 24 مریضوں کا پتہ چلا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔