’کیوں ڈنکی ہوئے ہریانہ کے نوجوان؟‘ راہل گاندھی نے بے روزگاری پر بی جے پی حکومت کو بنایا تنقید کا نشانہ

راہل گاندھی نے ہریانہ میں بےروزگاری پر بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان بہتر مواقع کی تلاش میں بیرون ملک جا رہے ہیں، کانگریس کا وعدہ ہے کہ سب کو روزگار کیا جائے گا

<div class="paragraphs"><p>تصویر بشکریہ ایکس</p></div>

تصویر بشکریہ ایکس

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: حال ہی میں امریکہ سے واپس لوٹے کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے ہریانہ کے کرنال ضلع کے گھوگھڑی پور گاؤں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے امریکہ میں ایک سڑک حادثے میں زخمی ہونے والے امت کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے دوران راہل گاندھی نے بی جے پی حکومت کی پالیسیوں پر سخت تنقید کی اور ایک پوسٹ میں کہا کہ بڑی تعداد میں نوجوان بہتر روزگار اور مواقع کی تلاش میں بیرون ملک جا رہے ہیں۔

راہل گاندھی نے اس حوالہ سے ایکس پر ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے، جس میں وہ امریکہ میں کام رہے نوجوان کے اہل خانہ سے بات کرتے ہوئے اور ہندوستان سے کام کے سلسلہ میں امریکہ گئے نوجوانوں سے بھی بات کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ راہل گاندھی نے یہ ملاقات اپنے دورہ امریکہ کے دوران کی تھی، جبکہ وہاں سے آنے کے بعد وہ ہریانہ کے گاؤں میں گئے تھے۔


راہل گاندھی نے اپنی پوسٹ میں لفظ ’ڈنکی‘ کا استعمال کرتے ہوئے اس اصطلاح کا اشارہ نوجوانوں کی ان مشکلات کی طرف کیا ہے جو بہتر روزگار کے حصول کے لیے غیر قانونی طریقوں سے ملک چھوڑنے کی کوشش کرتے ہیں۔ راہل گاندھی نے لکھا، ’کیوں ڈنکی ہوئے ہریانہ کے نوجوان؟‘ ’ڈنکی‘ عام طور پر ایسے لوگوں کے لیے استعمال ہوتا ہے جو اسمگلنگ یا غیر قانونی راستوں سے باہر جانے کی کوشش کرتے ہیں، خاص طور پر جب وہ خطرناک سفر کرتے ہیں۔

یہ لفظ حال ہی میں شاہ رخ خان کی فلم ’ڈنکی‘ کے بعد کافی مشہور ہوا ہے، جس میں ہجرت، خوابوں کی تعبیر، اور غیر قانونی طریقوں سے باہر جانے کے موضوعات کو اجاگر کیا گیا ہے۔ اس فلم نے ناظرین میں اس لفظ کی اہمیت کو بڑھایا، جس کی وجہ سے یہ عام گفتگو میں شامل ہو گیا۔

راہل گاندھی نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی کے 10 سالہ دور حکومت میں روزگار کے مواقع کی کمی نے نوجوانوں کو بیرون ملک جانے پر مجبور کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ بیروزگاری کا مسئلہ لاکھوں خاندانوں کو ان کے پیاروں سے دور کر رہا ہے، جس کے نتیجے میں نہ صرف نوجوان بلکہ ان کے گھر والے بھی ذہنی دباؤ کا شکار ہو رہے ہیں۔


گاندھی نے واضح کیا کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران بی جے پی حکومت نے نوجوانوں کے ساتھ بڑی ناانصافی کی ہے، جس کی وجہ سے ان کی امیدیں ٹوٹ گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان بےروزگاری کی وجہ سے سفر کی تکالیف جھیلنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔ اگر انہیں اپنے ملک میں، اپنے پیاروں کے درمیان روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ کبھی اپنا وطن چھوڑنے کے لئے تیار نہیں ہوں گے۔

کانگریس پارٹی نے عہد کیا ہے کہ اگر وہ اقتدار میں آئیں تو ایک ایسا نظام وضع کریں گے جس کی بدولت ہریانہ کے نوجوانوں کو بیرون ملک جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ راہل گاندھی نے یقین دلایا کہ ریاست میں روزگار کے مواقع بڑھا کر اس مسئلے کا حل نکالا جائے گا، تاکہ کوئی بھی نوجوان اپنے خوابوں کی خاطر اپنے پیاروں سے دور نہ ہو۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔