کورونا کے کیسوں میں اضافہ، اموات میں کمی: عالمی ادارہ صحت

افریقا بھر میں کرونا وائرس کے نئے کیسوں اور اموات کی تعداد میں بالترتیب 8 فیصد اور 11 فی صد کمی واقع ہوئی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

کوروناوبا تھمنے کا نام نہیں لے رہی اور اب عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے بھی کہا ہے کہ کووِڈ-19 کی وَبا بدستور پھیل رہی ہے لیکن اموات کی تعداد میں مجموعی طور پر کمی واقع ہوئی ہے۔ البتہ جنوب مشرقی ایشیا اور مشرقی بحر متوسط کے علاقے میں کووِڈ-19 کے کیسوں اور اموات میں اضافہ ہورہا ہے۔

ڈبلیو ایچ او نے کرونا وائرس سے متعلق اپنی نئی رپورٹ میں کہا ہے کہ امریکا اب تک اس وَبا سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔گزشتہ ایک ہفتے کے دوران دنیا بھر میں رپورٹ ہونے والے تمام نئے کیسوں میں سے 50 فی صد براعظم امریکا سے تعلق رکھتے ہیں اور 39240 ہلاکتوں میں سے 62 فی صد براعظم امریکا ہی میں رپورٹ ہوئی ہیں۔


ڈبلیو ایچ او نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 23 اگست کو ختم ہونے والے ہفتہ کے دوران میں کووِڈ-19 کے 17 لاکھ سے زیادہ نئے کیسوں اور 39 ہزار سے زیادہ نئی اموات کی ادارے کو اطلاع دی گئی ہے۔اس طرح اس سے گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں عالمی سطح پر اس مہلک وائرس کے کیسوں کی تعداد میں چار فی صد اور ہلاکتوں کی تعداد میں 12 فی صد کمی واقع ہوئی ہے۔

عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ امریکا کے بعد جنوب مشرقی ایشیا کا خطہ کووِڈ-19 سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔اس خطے میں نئے کیسوں کی تعداد میں گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں 28 فی صد اور اموات میں 15 فی صد اضافہ ہوا ہے۔بھارت میں مسلسل سب سے زیادہ کیس رپورٹ ہورہے ہیں اور اس کے پڑوسی ملک نیپال میں بھی یہ مہلک وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔


ادارے کا کہنا ہے کہ بحر متوسط کے مشرق میں واقع خطے میں رپورٹ کیے گئے کیسوں کی تعداد میں چار فی صد اضافہ ہوا ہے لیکن گذشتہ چھے ہفتوں کے دوران میں اس خطے میں ہلاکتوں کی تعداد میں مسلسل کمی واقع ہوئی ہے۔لبنان ، تُونس اور اردن نے گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں کرونا وائرس کے زیادہ کیسوں کی اطلاع دی ہے۔

افریقا بھر میں کرونا وائرس کے نئے کیسوں اور اموات کی تعداد میں بالترتیب 8 فیصد اور 11 فی صد کمی واقع ہوئی ہے۔اس کی بڑی وجہ یہ بیان کی گئی ہے کہ الجزائر ، کینیا ، گھانا، سینی گال اور جنوبی افریقا میں کیسوں کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 26 Aug 2020, 7:11 AM