ویت نام جنگ کی مشہور ’نیپام گرل‘ کو امن انعام

قریب نصف صدی قبل جنگ ویت نام کے دوران تباہی اور تکلیف کی مجسم علامت بن جانے اور ’نیپام گرل‘ کے طور پر دنیا بھر کی ہمدردیاں حاصل کرنے والی لڑکی کو 11 فروری کو جرمن شہر ڈریسڈن کا امن انعام دیا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

ڈی. ڈبلیو

وفاقی جرمن دارالحکومت برلن سے موصولہ نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹوں کے مطابق ویت نام کی جنگ کے نقطہ عروج پر 1972ء میں جس ایک تصویر نے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا تھا، وہ ایک ایسی بچی کی تصویر تھی، جسے بعد میں دنیا نے ’نیپام گرل‘ کا نام دے دیا تھا۔ اس بچی کا نام کِم پُھک ہے، جو 1972ء میں نو سال کی ایک لڑکی تھی، لیکن اب ایک 55 سالہ خاتون کے طور پر کینیڈا میں آباد ہے۔

ویت نام جنگ کی مشہور ’نیپام گرل‘ کو امن انعام

کِم پُھک کی جو تصویر بیسویں صدی کی اہم ترین تصویروں میں شمار ہوتی ہے، اس میں یہ لڑکی ویت نام کی ایک سڑک پر چند دیگر خوفزدہ اور درد سے چیختے ہوئے بچوں کے ساتھ اپنی جان بچانے کے لیے اس طرح دوڑتی ہوئی نظر آتی ہے، کہ تب اس کا بے لباس جسم جگہ جگہ سے جلا ہوا تھا۔

جنگ ویت نام کے دوران یہ واقعہ اس وقت پیش آیا تھا، جب جنوبی ویت نام کے ایک جنگی طیارے نے کِم پُھک کے گاؤں پر یہ سمجھ کر نیپام بم گرائے تھے کہ وہاں ان کے دشمن شمالی ویت نامی فوجی چھپے ہوئے تھے۔

نو سالہ کِم پُھک کی یہ تصویر امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے ایک فوٹرگرافر نِک اُوٹ نے اتاری تھی، جنہیں 1973ء میں اسی تصویر کی وجہ سے پولٹزر پرائز بھی دیا گیا تھا۔

آج کل 55 سالہ کِم پُھک جنگ، تشدد اور نفرت کے خلاف عالمی سطح پر مسلسل بلند رہنے والی ایک بہت اہم آواز ہیں۔ وہ اقوام متحدہ کے تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی ادارے یونیسکو کے مختلف منصوبوں میں اپنی شرکت اور جنگوں میں زخمی ہو جانے والے بچوں کے حق میں اپنی سرگرمیوں کے باعث بھی بہت معروف ہیں۔

کِم پُھک کو آج پروز پیر جرمنی کے مشرقی شہر ڈریسڈن کا جو امن انعام دیا جا رہا ہے، اس کے ساتھ انہیں ان کی امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کے اعتراف میں 10 ہزار یورو (تقریباﹰ ساڑھے گیارہ ہزار امریکی ڈالر کے برابر) نقد رقم بھی دی جا رہی ہے۔

یہی ڈریسڈن امن انعام ماضی میں جن دیگر شخصیات کو دیا جا چکا ہے، ان میں سابق سوویت یونین کے رہنما میخائل گورباچوف اور امریکا میں شہری حقوق کے لیے انتہائی سرگرم رہنے والے ٹومی اسمتھ بھی شامل ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔