ٹرمپ انتظامیہ کا ایران کے لئے ’جوہری استثنیٰ‘ میں توسیع کا اعلان

امریکی میڈیا میں جاری خبروں کے مطابق امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن ’ویویئر‘ کو ختم کرنا چاہتے ہیں لیکن مائیک پومپیو اس کو جاری رکھنے کے حق میں ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

واشنگٹن: امریکہ کے سیکریٹری اسٹیٹ مائیک پومپیو نے اعلان کیا ہے کہ ٹرمپ اتنظامیہ نے اپنے نیوکلیئر ویویئر (جوہری استثنیٰ) میں توسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی مدد سے کچھ ممالک کو ایران کے ساتھ سویلین نیوکلیئر منصوبہ کے معاہدے پر کام کرنے کی اجازت ہوگی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹوں کے مطابق اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے ایک فیکٹ شیٹ جاری کی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ ’’ہم عارضی طور پر ایران کے ساتھ جاری جوہری منصوبوں کو جاری رکھنے کی اجازت دیتے ہیں جس سے ایران میں ایٹمی مواد کے عدم پھیلاؤ کا کام جاری رہے گا‘‘۔ اس میں مزید کہا گیا کہ جب تک امریکہ ایران کے ساتھ نیوکلیئر خطرے سے متعلق کسی حتمی معاہدے تک نہیں پہنچ جاتا، تب تک اس اجازت کی مدد سے کچھ ممالک کے ایران کے ساتھ نیوکلیئر منصوبے جاری رہیں گے۔


خیال رہے 2015 میں امریکہ فرانس، برطانیہ، چین، روس اور جرمنی نے ایران کے ساتھ ایک طویل مدتی ایٹمی معاہدہ کیا تھا جس کا مقصد ایران میں ریسرچ کا کام کرنا اور بغیر کسی پابندی کے ڈر کے ایٹمی ریکٹرز پر جوہری مواد کے عدم پھیلاؤ سے متعلق کام کرنا تھا۔

امریکہ کے محکمہ اسٹیٹ کی جانب سے ویویئر میں توسیع کے اعلان کے بعد کچھ ممالک کو اجازت ہوگی کہ وہ ایران کے ساتھ جوہری منصوبے کے معاہدے پر کام کر سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ ایران کے ساتھ معاہدہ سابق صدر باراک اوبامہ کے دور میں کیا گیا تھا تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اقتدار میں آنے کے بعد مئی 2018 میں خود کو اس ڈیل سے علیحدہ کرلیا تھا۔


امریکہ کے اس فیصلہ کے بعد بھی چین، فرانس، روس، برطانیہ اور جرمنی کے ایران کے ساتھ معاہدے متاثر نہیں ہوئے تھے۔ رواں ماہ 2 مئی کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس ویویئر کو ختم کردیا تھا جو چین اور ہندوستان جیسے ممالک کو ایران سے تیل کی درآمد کی اجازت دیتا تھا۔

ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے لئے جانے والے اس فیصلہ کے بعد انتظامیہ میں اندرونی سطح پر ہی اس پر بحث کا آغاز ہوگیا تھا کہ کیا اس ویویئر کو دوبارہ آنا چاہیے یا نہیں؟ امریکی میڈیا میں جاری خبروں کے مطابق امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن ویویئر کو ختم کرنا چاہتے ہیں لیکن مائیک پومپیو اس کو جاری رکھنے کے حق میں ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔