ٹرمپ عوام کی خدمت کے قابل نہیں، وہ غیر مستحکم اور جمہوریت کے لیے خطرہ ہیں: کملا ہیرس
ڈونالڈ ٹرمپ کی شدید تنقید کرتے ہوئے امریکی نائب صدر نے ان پر شہریوں کے خلاف فوج کا استعمال کرنے اور پُرامن مظاہرہ میں شامل لوگوں کو نشانہ بنانے کا بھی الزام لگایا ہے۔
امریکہ میں صدارتی انتخاب کی سرگرمیاں اپنے عروج پر ہیں۔ ریپبلکن اور ڈیموکریٹک امیدوار ایک دوسرے پر سبقت لینے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگا چکے ہیں۔ اس درمیان نائب صدر کملا ہیرس نے صدر عہدہ کے اپنے حریف امیدوار اور سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ پر تیکھا تبصرہ کرتے ہوئے انہیں غیر مستحکم، خطرناک اور خدمت کرنے کے لیے ناقابل قرار دے دیا ہے۔ کملا ہیرس نے یہ باتیں فاکس نیوز کے سیاسی اینکر بریٹ کے ساتھ ایک انٹرویو کے دوران کہیں۔
کملا ہیرس نے کہا "میری بات سنو… ڈونالڈ ٹرمپ خدمت کرنے کے قابل نہیں ہے، وہ ایک غیر مستحکم اور خطرناک ہے اور لوگ ایسے شخص سے تھک چکے ہیں جو ایک رہنما ہونے کا دعویٰ کرتا ہے اور اپنا پورا وقت توہین کرنے اور ذاتی شکایتوں میں الجھنے میں گزارتا ہے، امریکی لوگ اس سے تھک چکے ہیں۔"
ڈونالڈ ٹرمپ کی شدید تنقید کرتے ہوئے امریکی نائب صدر نے ان پر شہریوں کے خلاف فوج کا استعمال کرنے اور پُرامن مظاہرہ میں شامل لوگوں کو نشانہ بنانے کا بھی الزام لگایا۔ ہیرس نے آگے کہا "خاص بات یہ ہے کہ انہوں نے (ٹرمپ) ایسا کئی مرتبہ دہرایا ہے۔ انہوں نے امریکی لوگوں پر فوج کو مسلط کی بات کہی ہے۔ پُر امن مظاہرہ میں شامل لوگوں پر کارروائی کی بات کہی ہے۔ انہوں نے جیل میں بند کرنے کی بات کہی ہے کیونکہ عوام ان سے متفق نہیں ہیں۔"
کملا ہیرس نے جمہوریت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ریاستہائے متحدہ امریکہ کے صدر کو تنقید برداشت کرنے کے قابل ہونا چاہیے، یہ ایک جمہوری ملک ہے اور جمہوریت میں امریکہ کے صدر کو تنقید سنبھالنے میں اہل ہونا ہی چاہیے۔
غور طلب ہے کہ کملا ہیرس پہلی خاتون، پہلی سیاہ فام اور پہلی ایشیائی امریکی نائب صدر ہیں۔ اگر وہ صدر منتخب ہوتی ہیں تو امریکہ کی تاریخ میں پہلی خاتون صدر بننے کا اعزاز حاصل کر لیں گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔