مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی کارروائی میں تین فلسطینی جاں بحق

فلسطین کے علاقے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر نابلس میں اسرائیلی فوج نے ایک گھر پر چھاپے کے دوران سینئر فلسطینی مزاحمت کار سمیت تین افراد کو قتل کر دیا

العربیہ ڈاٹ نیٹ
العربیہ ڈاٹ نیٹ
user

قومی آواز بیورو

مغربی کنارہ: فلسطین کے علاقے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر نابلس میں اسرائیلی فوج نے ایک گھر پر چھاپے کے دوران سینئر فلسطینی مزاحمت کار سمیت تین افراد کو قتل کر دیا۔ اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ "دہشت گرد ابراہیم النابلسی اور اس کے ساتھ موجود ایک اور دہشت گرد کو جان سے مار دیا گیا ہے۔"

ابراہیم النابلسی مغربی کنارے میں تحریک الفتح کی مسلح ونگ شہدائے الاقصیٰ بریگیڈ کے کمانڈر تھے۔ ان کے گھر پر کارروائی کے دوران علاقے میں جھڑپوں کا سلسلہ شروع ہوگیا جس کے دوران ایک فلسطینی شہید جبکہ 40 افراد زخمی ہوگئے۔

غزہ میں اسرائیل اورفلسطینی تنظیم حرکۃ الجہاد الاسلامی کے درمیان اتوارکی شب مقامی وقت کے مطابق ساڑھے گیارہ بجے (2030 جی ایم ٹی) سے جنگ بندی کے نفاذ کا اعلان کیا گیا ہے۔یہ جنگ بندی مصرکی ثالثی کی کوشش کے نتیجے میں روبہ عمل ہورہی ہے۔


غزہ کی پٹی پر اسرائیل کی جانب سے سرحد پار تشدد کا بدترین سلسلہ تین روز تک جاری رہا۔اسرائیلی فوج نے اتوار کوغزہ میں مختلف علاقوں پر بمباری کی تھی،جواب میں فلسطینی تنظیم نے راکٹ باری کی تھی۔

حماس کے زیرانتظام غزہ میں صحت حکام کی جانب سے فراہم کردہ تازہ اعدادوشمار میں کہا گیا ہے کہ’اسرائیلی جارحیت‘‘کےآغاز سے اب تک شہید ہونے والوں میں 15 کم سن بچّے اور چارخواتین بھی شامل ہیں، اس کے علاوہ311 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

دوسری جانب اسرائیل نے دعویٰ کیا ہےکہ اس کے پاس اس بات کے’’ناقابل تردید‘‘شواہد موجود ہیں کہ ہفتے کے روزغزہ کے شمالی شہرجبالیہ میں عسکریت پسندوں کا ایک غیراہدافی راکٹ گراتھا اور وہی متعدد بچّوں کی ہلاکت کا ذمہ دار تھا۔فوری طورپریہ واضح نہیں ہو سکا کہ جبالیہ کیمپ میں ہونے والے واقعے میں کتنے بچّے مارے گئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔